اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کا اسلام آباد میں پناہ گاہ کا دورہ
غریب عوام کی بہتری کیلئے بیت المال کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں۔ سردار یاسر الیاس خان
وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق پناہ گاہوں کا نیٹورک بڑھایا جا رہا ہے۔ ملک ظہیر عباس کھوکھر

اسلام آباد (ویب نیوز  ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے ایک وفد کی قیادت میں اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن فور میں واقع پناہ گاہ کا دورہ کیا اور اس کے رہنے والوں کے ساتھ بات چیت کی۔ فاطمہ عظیم سینئر نائب صدر، عبدالرحمن خان نائب صدر آئی سی سی آئی، محبوب احمد خان، خالد چوہدری، ظریف خان، محترمہ ناصرہ علی، ضیاء خالد چوہدری، طاہر محمود، سعید احمد بھٹی، چوہدری عرفان اور دیگر وفد میں شامل تھے۔


اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس نے ضرورت مندوں اور مستحق افراد کو پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والی معیاری سہولیات کو سراہا۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے معاشرے کے غریب لوگوں کو پناہ گاہیں فراہم کرنے کے اقدام کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ دکھی انسانیت کی بہت بڑی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی ضرورت مند افراد کی فلاح و بہبود کے لیے پاکستان بیت المال کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے تاکہ انہیں بہتر زندگی فراہم کی جا سکے۔ آئی سی سی آئی کے وفد نے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کے ہمراہ پناہ گاہ میں رہنے والوں کے ساتھ ظہرانہ بھی کیا۔


پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر ملک ظہیر عباس کھوکھرنے اس موقع پر آئی سی سی آئی کے وفد کو پناہ گاہوں کے بارے میں ایک تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے تحت ڈیلی ویجرز، مزدوروں، مسافروں اور مریضوں سمیت ملک کے غریب اور کمزور طبقات کو رہائش، کھانا اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ اس وقت پورے ملک میں تقریبا 22 پناہ گاہیں کام کر رہی ہیں جبکہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق ملک میں پناہ گاہوں کا نیٹورک مزید بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پناہ گاہوں میں یکساں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان میں بہتر ماحول اور صاف ستھرے کھانے کو یقینی بنانے کے لیے پالیسی پر سختی سے عمل درآمد ہو رہا ہے۔
چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمٰن خان اور وفد کے دیگر اراکین نے بھی پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والی معیاری سہولیات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری غریب عوام کی بہتری کیلئے پاکستان بیت المال کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔