باہمی تجارتی تعاون مضبوط کرنے کیلئے نجی شعبوں کو قریب لانا ضروری ہے۔ محمد شکیل منیر

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

الجزائر کے سفیر براہیم رومانی نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے کیونکہ پاکستان کاروبار کیلئے ایک پرکشش مارکیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان الجزائر کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں سے ایک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اچھے سیاسی تعلقات ہیں۔ تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک اپنی معیشتوں کے لیے مزید مفید نتائج حاصل کرنے کے لیے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان کیلئے افریقی خطے کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے پرکشش مواقع موجود ہیں لہذا الجزائر کے ساتھ قریبی تعاون قائم کر کے پاکستان افریقہ کی مارکیٹ میں بہتررسائی حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی سی ٹی میں مضبوط ہے اور الجزائر اپنے آئی سی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے اس کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ الجزائر میں رواں سال جون میں ایک بین الاقوامی ٹریڈ فیئر منعقد ہو گا لہذا پاکستان کی بزنس کمیونٹی اس میں شرکت کرے تاکہ الجزائر کے ہم منصبوں کے ساتھ تجارتی روابط کو بہتر بنایا جا سکے اور الجزائر کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کی نئی راہیں تلاش کی جا سکیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پاکستان الجیریا بزنس کونسل کے قیام پر زور دیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کا سفارت خانہ الجزائر جانے والے پاکستانی تاجروں کو ویزوں کے معاملات میں سہولت فراہم کرے گا تاکہ وہ الجزائر میں اپنے لئے کاروبار کے نئے مواقع تلاش کر سکیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور الجزائر کے درمیان دوطرفہ تجارت بہت کافی کم ہے تاہم باہمی تجارت کو کم از کم ایک ارب ڈالر تک لے جانے کیلئے دونوں اطراف سے مزید کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور الجزائر ماربل و گرینائٹ، کاٹن، ٹیکسٹائل، تعمیراتی مواد، کیمیکل، کھاد، دواسازی، ایلومینیم، پلاسٹک کی اشیاء، الیکٹرک اور الیکٹرانک اشیاء اور کھانے کی مصنوعات سمیت دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت سی معیاری مصنوعات تیار کر رہا ہے لہذا الجزائر اپنی درآمدات کے لیے پاکستان پر توجہ دے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی الجزائر کے سفارت خانے کے ساتھ مل کر پاکستان اور الجزائر کے کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کی کوشش کرے گا تا کہ دونوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کیا جائے۔
جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر اور محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے تجارتی وفود کا باقاعدگی کے ساتھ تبادلہ کرنے کی حوصلہ افزائی کریں۔

ظفر بختاوری سابق صدر آئی سی سی آئی، سعید خان، ہمایوں کبیر، کاشف چوہدری، ارشد جنجوعہ، خالد چوہدری اور نثار مرزا نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و الجزائر کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مفید تجاویز پیش کیں۔