آصف علی زرداری  اسلام آباد کی احتساب عدالت میں29ستمبر کو طلب
آٹھ ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کے کیس میں فرد جرم عائد  ہوگی

اسلام آباد (ویب  نیوز) میگا منی لانڈرنگ کیس میں آٹھ ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کے کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے29ستمبر کو طلب کر لیا۔ جبکہ آصف علی زرداری کے مبینہ فرنٹ  مین مشتاق احمد کو اشتہاری قراردے کر ان کا کیس الگ کردیا گیاہے۔ نیب راوالپنڈی نے سابق صدر کے خلاف آٹھ ارب روپے کی مشکوک ٹرانزایکشن کا کیس دائر کررکھا ہے۔ مشتاق احمد کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کے لئے نو ستمبر کی مہلت دی گئی تھی تاہم وہ پیش نہیں ہوئے جس پر احتساب عدالت نے اپنے تحریری حکمنامہ میں انہیں اشتہاری قراردیتے ہوئے ان کا کیس الگ کردیا  ہے۔ جبکہ عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کو 29ستمبر کو کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے لئے طلب کر لیا ہے۔ آصف علی زرداری کیس میں واحد ملزم بچ گئے ہیں۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر تین کے جج سید اصغر علی، سابق صدر  آصف  علی زرداری پر فرد جر م عائد کریں گے۔ ZS