افعانستان کے حالات اور باہمی امور پرتفصیلی تبادلہ خیال
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے ساتھ ایس جئے شنکر کا اجلاس

نئی دہلی (ویب ڈیسک)

بھارتی وزیرخارجہ ایس جئے شنکر نے اپنے سعودی عرب کے ہم منصب فیصل بن فرحان السعود کے ساتھ نئی دہلی میں افغانستان کے حالات، دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات میں توسیع کے علاوہ دفاع، سکریٹری، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں باہمی تعلقات میں اضافہ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔  بھارتی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے وزیرخارجہ  بھارت کے تین روزہ دورہ پر ہیں جنہوں نے وزیرخارجہ ایس جئے شنکر کے ساتھ اعلی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ ایس جئے شنکر نے بھارت سے خلیجی ممالک کیلئے سفر پر عائد پابندیوں میں نرمی کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیرخارجہ ہند نے کورونا وبا کے دوران ہندوستانی برادری کو مدد کی فراہمی پر سعودی عرب حکومت کی ستائش کی۔ سعودی عرب کے وزیرخارجہ بھارت کے تین روزہ دورہ پر گذشتہ شام دہلی پہنچے۔ کورونا وبا کے بعد سعودی عرب سے ہندوستان کا یہ پہلا وزارتی دورہ ہے۔ بھارت اور سعودی وزارئے خارجہ نے افغانستان کے حالات کے علاوہ دیگر علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزارت خارجی امور نے اپنے ایک بیان میں اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزارت خارجی امور نے بتایا کہ دونوں قائدین نے باہمی مفادات کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعلقات میں توسیع پر غوروخوض کیا۔ ا کتوبر 2019 میں وزیراعظم نریندر مودی کے سعودی عرب کے دورہ کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان اسٹراٹیجک پارٹنر شپ کونسل معاہدہ پر دستخط کئے گئے تھے جس پر عملدرآمد کا بھی دونوں قائدین نے جائزہ لیا۔ معاہدہ کے تحت اجلاسوں کے انعقاد اور اس کی پیشرفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، سیکوریٹی، کلچر کے علاوہ قونصلر سے متعلق امور، ہیلتھ کیر اور انسانی وسائل کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں استحکام کیلئے مختلف اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔