اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ امیر فیصل بن فرحان کی طرف سے مسئلہ کشمیر سمیت پاکستان ہندوستان کے درمیان مذاکرات اور ثالثی کے کردار کو ادا کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں ، پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی ہے لیکن ہندوستان نے جارحیت ، دہشت گردی او ر انتہا پسندی کو خطہ میں فروغ دیا ہے ، یہ بات حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ امیر فیصل بن فرحان نے ہندوستان کے دورے کے دوران سعودی عرب کے موقف کو واضح طور پر بیان کر دیا ہے جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں ، پاکستان نے ہمیشہ ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کی بات کی ہے اور پاکستان کا موقف واضح ہے کہ مذاکرات کشمیر کے بغیر ممکن نہیں ہے ، سعودی عرب اگر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاک بھارت مذاکرات کیلئے کوشش کرتا ہے تو پاکستان اس کا خیر مقدم کرتا ہے اور کرے گا ۔ سعودی عرب کو عالمی دنیا اور عالم اسلام میںا ہم مقام حاصل ہے اور پاکستان سعودی عرب کے تعلقات میں کوئی قوت بھی حائل نہیں ہو سکتی ۔ انہوں نے بتایا کہ 23 ستمبر کو پاک سعودی عرب تعلقات ماضی ، حال ، مستقبل پر ایک اہم سیمینار اسلام آباد میں ہو گا جس کے مہمان خصوصی صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف الرحمن علوی اور مہمان خاص سعودی عرب کے سفیر ، اہم وفاقی وزرا ، علما و مشائخ ، سفرا شریک ہوں گے۔