بلاول بھٹو آزاد کشمیر میں شکست تسلیم کریں اور سندھ کی محرومیاں ختم کرنے پر توجہ دیں۔ اب دھاندلی کا رونا نہیں، اپنی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیے، مریم نواز
سپر ( آزاد کشمیر الیکشن) نتائج مسترد کرتے ہیں. بلاول بھٹو( پی پی ن لیگ میں گرما گرمی بڑھ گئی۔ )

گڑھی دوپٹہ: (بیورو چیف ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے الیکشن نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ آزاد کشمیر الیکشن نتائج پر پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں گرما گرمی بڑھ گئی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مظفر آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم چودھری یاسین کے حلقے میں دھاندلی کے نتائج کیوں تسلیم کریں، 30 پولنگ سٹیشنز پر قبضہ کرنے اور ٹھپے لگانے کے ویڈیو ثبوت موجود ہیں، ان 30 پولنگ سٹیشنز پر نوے فیصد ٹرن آؤٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چودھری یاسین کے حلقے میں ری پولنگ کرائی جائے، پیپلز پارٹی کا مقابلہ اس جماعت سے ہے جو نسل در نسل دھاندلی کی پیداوار ہے، سیاسی میدان میں شکست ملتی ہے تو قبول کرنے کو تیار ہوں، لیکن چوری شدہ رزلٹ تسلیم نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سچ اور مفاہمت کمیشن بنا کر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کیا جائے، کشمیری عوام کے ووٹ پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے، یقین دلاتا ہوں ہر چوری او ر چھینی ہوئی نشست ان سے واپس دلائیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ میں کشمیر کے عوام کو حق ملکیت دلانا چاہتا ہوں، میں یہ حقوق بندوق کے زور پر نہیں لوں گا، میں سڑکیں بند کرکے نہیں الیکشن جیت کر عوام کو حقوق دلاؤں گا۔
لاہور: (بیورو چیف ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سوال کیا ہے کہ قیامت کتنے بجے ہے؟ سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جو دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر ہے، دھاندلی کا رونا رو رہی ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ قیامت کتنے بجے ہے؟
قبل ازیں اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا تھا کہ آپ کے پاس کارکردگی ہوتی، گورننس ہوتی، عوام کے لیے ایجنڈا ہوتا تو دوسروں پر حملوں میں وقت ضائع نہ کرتے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سندھ میں 17 سال حکومت کے باوجود بتانے کو کچھ نہیں تھا۔ اے جے کے کے عوام نے گرین بس، اپنی چھت اپنا گھر، اپنا کھیت اپنا روزگار، کسان کارڈ، پکی سڑکوں اور امن و امان کو ووٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب دھاندلی کا رونا نہیں، اپنی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیے، اپنے ایک اور بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو آزاد کشمیر میں شکست تسلیم کریں اور سندھ کی محرومیاں ختم کرنے پر توجہ دیں۔






