سڑکوں کی تعمیرمیں کرپشن ملک کا سب سے بڑا ڈاکہ ہے،عمران خان

ن لیگ کے دور میں سڑکوں کی تعمیر میں خرچ ہونے والی رقم کی چھان بین کیلئے ایف آئی اے کو ذمہ داری سونپ دی گئی

چین کی کامیابی کی وجہ لانگ ٹرم پلاننگ ہے، جو حکومت 5 سال الیکشن کا سوچتی ہے وہ بلوچستان کیلئے کچھ نہیں کرتی

وزیراعظم کا بلو چستان کے علاقے جھیل جھا، بیلہ شاہ کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

جھل جھابیلہ جنوبی بلوچستان کی اہم شاہراہ ہے جو علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی،مراد سعید

اسلام آباد (ویب  نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سڑکوں کی تعمیرمیں کرپشن ملک کا سب سے بڑا ڈاکہ ہے، (ن) لیگ کے دور میں سڑکوں کی تعمیر میں خرچ ہونے والی رقم کی چھان بین کے لیے ایف آئی اے کو ذمہ داری سونپ دی گئی، کرپشن کے خاتمے سے خوشحالی آئے گی ۔بلوچستان کے علاقے جھیل جھا، بیلہ شاہ کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر مواصلات مراد سعید نے بتایا ہے 2013 میں مسلم لیگ (ن)کی بنائی گئی اور آج بننے والی سڑکوں کی لاگت میں 4 لین کے حساب سے فی کلومیٹر 20

کروڑ روپے کا فرق ہے۔انہوںنے کہا کہ اس وقت سے لے کر اب تک اتنی مہنگائی ہوچکی ہے اس کے باوجود اتنا فرق ہے اور جس قیمت پر ہم سڑکیں بنا رہے ہیں، اس وقت بناتے تو ہمارے پاس کتنا پیسہ بچتا، جب کرپٹ لوگ اقتدار میں آتے ہیں تو قوم کو یہ نقصان ہوتا ہے کہ وہ ان کا پیسہ چوری کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر میں جتنا پیسہ چور کیا گیا ہے اس کی تفتیش کے لیے میں نے اپنی ٹیم کو ہدایت جاری کردی ہیں اور ہم پورا جائزہ لیں گے، تمام تر معلومات ویب سائٹس پر موجود ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ2013 میں قیمتیں کیا تھیں اور آج 2021 میں کیا ہیں، اس کے باوجود اگر ہم آج سڑکیں سستی بنا رہے ہیں تو سوچیں انہوں نے ملک پر کتنا بڑا ڈاکہ ڈالا ہے اور میں نے ایف آئی اے کو اس کی تفتیش کی ذمہ داری سونپی ہے کہ اس کا کون ذمہ دار ہے اور کس نے اتنا پیسہ بنایا ہے، کرپشن کے خاتمے سے خوشحالی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا رقبہ اتنا بڑا ہے کہ وہاں جب تک ایک علاقے کو دوسرے سے منسلک کرنے کے لیے سڑکوں کی تعمیر نہیں ہو گی وہاں ترقیاتی اقدامات نہیں کرسکتے، اگر ساری ترقی کوئٹہ میں ہی ہونی ہے تو بلوچستان کبھی آگے نہیں آسکے گا۔انہوں نے کہا کہ چین کی کامیابی کی وجہ لانگ ٹرم پلاننگ ہے، جو حکومت 5 سال الیکشن کا سوچتی ہے وہ بلوچستان کیلئے کچھ نہیں کرتی۔غریب ملکوں میں سب سے زیادہ کرپشن ہے  جوجوعلاقے پیچھے رہ گئے ہیں ان کی مدد کررہے ہیں، کوشش ہے پیچھے رہ جانے والے علاقوں کوآگے لائیں،قوم کوپتہ ہونا چاہئے کرپشن سے کتنا نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت نہیں ہے۔ سندھ کو ہم نے احساس پروگرام کے تحت پیسہ دیا، یہ نہیں دیکھا کہ وہاں ہماری حکومت ہے یا نہیں۔سندھ میں آباد ی زیادہ اور وہاں کے لوگوں میں غربت ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی کام کرائیں گے۔ ملک کو ترقی کی راہ پرگامزن کرنا ہے تو تمام علاقوں پر توجہ دینا ہوگی۔ قبل ازیں مراد سعید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جھل جھابیلہ جنوبی بلوچستان کی اہم شاہراہ ہے، شاہراہ علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی، شاہراہ کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، سی پیک مغربی روٹ کا آغاز بھی بلوچستان سے ہوا۔