حکومت ماربل سیکٹر کو فروغ دے کر اربوں ڈالر کی برآمدات حاصل کر سکتی ہے۔ محمد شکیل منیر
آئی سی سی آئی کے صدر نے آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا
ماربل شعبے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں

اسلام آباد (ویب نیوز  )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ پاکستان ماربل سیکٹر کو فروغ دے کر اربوں ڈالر کی برآمدات حاصل کر سکتا ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس شعبے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے ضروری اقدامات کرے جس سے یہ شعبہ بہتر ترقی کرے گا اور معیشت کو مضبوط کرنے میں فعال کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور مہمان خصوصی آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔شبیر احمد نے سال 2021-22کیلئے آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین، ستار حسین شاہ نے سینئر وائس چیئرمین، فاروق حمید بھٹی نے وائس چیئرمین (نارتھ) اور جمشید خان امیزئی نے وائس چیئرمین (ساؤتھ) کی حیثیت سے اپنے عہدوں کا حلف لیا۔ تمام امیدواران کا انتخاب بلا مقابلہ ہوا۔


محمد شکیل منیر نے کہا کہ پاکستان کے پاس ماربل اور گرینائٹ کے وسیع ذخائر موجود ہیں جو اپنی خوبصورتی اور اعلیٰ معیار کیلئے دنیا بھر میں مشہور ہیں تاہم جدید مشینری کے فقدان کی وجہ سے یہ شعبہ ابھی تک اپنی اصل صلاحیت کے مطابق ترقی نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی کمی کی وجہ سے 70فیصد پتھر نکالتے وقت ضائع ہو جاتا ہے لہذا انہوں نے کہا کہ حکومت ماربل شعبے کی مشینری کی ڈیوٹی فری امپورٹ کی اجازت دے تا کہ جدید مشینری حاصل کر کے ماربل کی ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کی جائیں جس سے ہماری برآمدت بہتر فروغ پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ماربل شعبے کیلئے بجلی کی لاگت بہت زیادہ ہے لہذا حکومت اس شعبے کو یا تو سبسڈی فراہم کرے یا بلوں پر ٹیکسوں کی چھوٹ دے۔ انہوں نے کہا کہ ماربل ایکسپورٹرز کیلئے فریٹ کاسٹ بھی بہت زیادہ ہے لہذا حکومت فریٹ پر سبسڈی یا ریبیٹ فراہم کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ ماربل ایکسپورٹرز کو انٹرنیشنل تجارتی نمائشوں میں شرکت کرنے کیلئے حکومت معاونت کرے جس سے برآمدات کافی بہتر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ماربل مصنوعات کو بھی ترجیحی تجارتی معاہدوں میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سرمایہ کار کو کان کا قانونی حق دیا جائے کیونکہ اس وقت کانیں لیز پر ان لوگوں کو دی جاتی ہیں جو خود کام نہیں کرتے بلکہ سرمایہ کاروں کو کنٹریکٹ پر دے دیتے ہیں لہذا سرمایہ کاروں کو براہ راست کان استعمال کرنے کا قانونی حق دینے سے اس شعبے کیلئے زیادہ فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے بلا مقابلہ منتخب ہونے پر آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے عہدیدارن کو مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ ماربل شعبے کی ترقی کیلئے موثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ماربل شعبے کے مسائل کو حل کرانے کی کوششوں میں ایسوسی ایشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔