صدر، وزیراعظم،  شہباز شریف، زرداری ،بلاول ، اسد قیصر،صادق سنجرانی،چودھری برادران وسیاسی رہنمائوں کاعمر شریف کے انتقال پر اظہار افسوس

اسلام آباد(ویب  نیوز) صدرمملکت عارف علوی ،وزیراعظم عمران خان،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمیاں شہباز شریف ،سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر،ڈپٹی سپیکرقاسم سوری ،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ،آصف علی زرداری، بلاول بھٹو،چودھری شجاعت حسین ، پرویز الہٰی ،سیاسی رہنمائوں اور وزراء نے کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کے انتقال پردکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فنون لطیفہ میں منفرد مقام رکھتے تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کو غریقِ رحمت اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عمر شریف بے شمار صلاحیتوں کے مالک تھے، فن کے شعبے میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے ٹویٹر پر لکھا کہ سب کو ہنسانے والا آج سب کو رلا گیا۔ عمر شریف دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان اور باکمال فنکار تھے اور ان کی کمی کبھی پوری نہیں ہوسکتی۔انہوں نے مزید لکھا کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین اور چاہنے والوں کو صبر دے۔ آمین ۔سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے لیجنڈ اداکار عمر شریف کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار عمر شریف کی فن کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔  آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں لیجنڈ اداکار عمر شریف کے خاندان اور ان کے تمام مداحوں سے اظہارِ تعزیت بھی کیا ہے۔آصف زرداری نے مرحوم اداکار عمر شریف کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا بھی کی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اداکار عمر شریف کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ رونے والوں کو ہنسنے پر مجبور کرنے والا طنز و مزاح کا آفتاب غروب ہو گیا۔ عمر شریف نے پاکستان میں فنِ مزاح کو نئی جہت بخشی، اسے بلندیوں پر پہنچایا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمر شریف کی دنیائے فن کے لیے خدمات تا دیر یاد رکھی جائیں گی۔چیئرمین پی پی پی نے کہا ہے کہ دعاگو ہوں، اللہ تعالی مرحوم عمر شریف کی مغفرت کریں اور انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائیں۔آمین۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں مرحوم عمر شریف کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ان کے لیے صبرِجمیل کی دعا بھی کی ہے۔سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر،ڈپٹی سپیکرقاسم سوری اورچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اداکار عمرشریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے خاندان سے تعزیت کی ۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اداکار عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عمر شریف اپنی طرز کے بہترین فنکار تھے، عمر شریف کے انتقال کی خبر نے لاکھوں مداحوں کو سوگوار کردیا۔انہوں نے کہا کہ چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والا فنکار چاہنے والوں کو دکھی کرگیا۔ سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی اور وفاقی وزیر مونس الہی نے کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انتقال پر دلی دکھ ہے۔چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ عمر شریف پاکستان کے ایسے فنکار تھے جنہیں پوری دنیا جانتی تھی، غمزدہ چہروں پر مسکراہٹ کے پھول بکھیرنے والا عمر شریف دنیا سے رخصت ہو گیا۔چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ وہ فنکار برادری کا درد رکھنے والے انسان تھے۔وفاقی وزیر مونس الہی کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے کامیڈی کو چاہنے والے آج اچھے فنکار سے محروم ہو گئے، چودھری پرویز الہی نے بطور وزیر اعلی گلبرگ میں ان کے نام پر عمر شریف روڈ بھی منسوب کیا تھا، ان کا خلا پر نہیں کیا جا سکتا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات نے لکھا کہ عمربھر لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ کا تحفہ سجانے والے عمر شریف جنت کو عازم سفر ہوئے۔ قوم نے اپنے فنکار کو بہترین خراج تحسین پیش کیااور ثابت کیا کہ ہم فن اور فنکاروں سے محبت کرنے والی قوم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمر شریف کا نام پاکستان کے فنون لطیفہ کے انسائکلوپیڈیا میں ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھا جائیگا۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ سب کے لبوں پر مسکراہٹ لانے کی خدا داد صلاحیت رکھنے والے عمر شریف اپنے انتقال سے سب کو رنجیدہ کر گئے۔ اللہ جنت نصیب کرے۔پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر بین ہرڈ نے اداکار عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔پاکستان میں تعینات جرمن سفیر بین ہرڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ عظیم مزاح نگار عمرشریف کے اچانک انتقال کی خبر سن کر صدمہ ہوا، ان کا انتقال پاکستان اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے افسوسناک نقصان ہے، میں عمر شریف کے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے لکھا کہ ٹویٹر پر لکھا کہ لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والا آج سب کو اداس کر گیا۔ عمر شریف پاکستانی سٹیج، فلم اور ٹی وی کا بڑا نام تھا۔ میری اس سے کئی ملاقاتیں رہی اور وہ ایک اچھا فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان بھی تھا۔ دعا ہے کہ اللہ عمر شریف کو جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔