نواز شریف کی سیاست کو مرتے ہوئے دیکھ رہاہوں،شیخ رشید

 (ن) لیگ صرف کمپنی کی مشہوری کے لیے اداروں کو بدنام کر رہی ہے

مزاحمت کے نہیں مفاہمت کے داعی ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی کیساتھ مذاکرات کا علم نہیں

پنڈورا لیکس کی تحقیقات جو جواب نہیں د ینگے ان کو اداروں کے حوالے کرینگے،میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ( ویب  نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمدنے کہاہے کہ نواز شریف کی سیاست کو مرتے ہوئے دیکھ رہاہوں ۔نیشنل ایکشن پلان سیکرٹریٹ فاٹا ہائوس اسلام آباد میں اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ہم مزاحمت کے نہیں مفاہمت کے داعی ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کا کوئی علم نہیں، کالعدم ٹی ٹی پی میں مزید کچھ گروپ شامل ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) صرف کمپنی کی مشہوری کے لیے اداروں کو بدنام کر رہی ہے، نواز شریف کی سیاست کو مرتے ہوئے دیکھ رہاہوں، (ن)کے قائد ملک آنے میں دلچسپی نہیں رکھتے کیونکہ یہ صرف سیاسی گند ہی کریں گے،اس سیاسی گند سے زیادہ نقصان ان کی پارٹی کو ہی ہوگا ، اگر نواز شریف واپس آنا چاہتے ہیں تو24 گھنٹے میں کاغذات جاری کرسکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی ای سی ایل سے متعلق عدالت یا وزارت داخلہ سے رجوع کرسکتے ہیں ، وہ ہمیں درخواست دیں وزارت داخلہ یوسف رضا کے ای سی ایل میں نام ہونے کا معاملہ دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا)کی جدید خطوط پر استور کررہے ہیں،نیکٹا کے لیے مختلف اداروں اور بیوروکریسی سے لوگ شامل کئے گئے لیکن ابھی بھرتیاں نہیں ہوئی ہیں، جب سے یہ اتھارٹی فعال ہوئی ہے ہمارے پاس پاکستان میں داخل ہونے والے پاسپورٹ ہولڈرز کی معلومات ہیں۔ اس سے قبل جتنے بھی غیرملکی افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوئے، ان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی ہزار ویزا ہولڈر لوگ لاپتہ ہیں ان کے خلاف گھیرا تنگ کر رہے ہیں، پنڈورا لیکس کی تحقیقات ہوں گی، جو جواب نہیں دیں گے ان کو اداروں کے حوالے کریں گے۔مہنگائی سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ترجیح میں ہے کہ آٹا، دال، چینی اور گھی سمیت اہم چار ادویات کی قیمتوں کو آئندہ چند روز میں کنٹرول کرلی جائیں گی۔اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی سربراہی میں نیشنل ایکشن پلان سیکریٹریٹ فاٹا ہائوس اسلام آباد میں اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چاروں صوبوں سمیت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور چاروں صوبوں، جموں و کشمیر ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد انتظامیہ کے درمیان روابط بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔