اسلام آباد (ویب ڈیسک)

اسلام آباد میں ڈینگی مچھر کا ایک اور مریض دم توڑ گیا، مزید 121  نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔شہرِ اقتدار میں ڈینگی سے اموات اور بیمار افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور اب تک 6 افراد اس وائرس سے انتقال کر چکے ہیں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او )ڈاکٹر زعیم ضیا کے مطابق اسلام آباد کے پمز ہسپتا ل میں داخل ڈینگی کا مزید ایک مریض انتقال کر گیا،اب تک اسلام آباد میں ڈینگی سے جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 6ہو گئی۔ڈی ایچ او نے کہا کہ اسلام آباد میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 121 شہری ڈینگی سے بیمار ہوئے جبکہ اس وقت 1 ہزار 649 افراد اس وائرس سے متاثر ہیں۔ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 1ہزار 77 افراد ڈینگی کا شکار ہو چکے ہیں، جبکہ شہری علاقوں میں 572 ڈینگی کیسز رپوٹ ہوئے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے کہا کہ ڈینگی سے ہونے والی 5 اموات اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں سے ہیں۔