صنعتی پلاٹوں کی لیز کی تجدید کیلئے سی ڈی اے بورڈ کے فیصلے کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے۔ محمد شکیل منیر
کاروبار اور شہر کی ترقی کیلئے چیمبر اور سی ڈی اے یونین کی ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے۔ میاں اکرم فرید
بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں سی ڈی اے یونین بھرپور تعاون کر ے گی۔ چوہدری محمد یٰسین

اسلام آباد (ویب نیوز  ) سی ڈی اے مزدور یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین کی قیادت میں یونین کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کی۔سی ڈی اے مزدور یونین کے صدر اورنگ زیب خان، نائب صدر عمر جیوانہ اور دیگر وفد میں شامل تھے۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ گذشتہ سال اگست میں سی ڈی اے بورڈ نے فیصلہ کیا تھا کہ محکمہ ایک لاکھ روپے فی کنال کے حساب سے فیس لے کر صنعتی پلاٹوں کی لیز کی تجدید کرے گا لیکن اس فیصلے کو مزید توثیق کیلئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹریکشن اور ڈویلپمنٹ کو بھیج دیا گیا تھا جس وجہ سے ابھی تک اس عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ایک خود مختار ادارہ ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ صنعتی پلاٹوں کی لیز کی تجدید کیلئے سی ڈی اے بورڈ کے فیصلے پر جلد عمل درآمد کیا جائے تا کہ صنعتکاروں کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے جس سے صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کہوٹہ انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت اسلام آباد کے صنعتی علاقوں میں سڑکے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں لہذا سی ڈی اے صنعتی علاقوں اور مارکیٹوں کی بہتر ترقی پر توجہ دے تا کہ مسائل حل ہونے سے صنعتی وتجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ یونین کے نمائندے سی ڈی اے کے ہر ڈائریکٹریٹ میں موجود ہیں لہذا وہ تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے میں تعاون کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر سی ڈی اے ملازمین کے حقوق کے تحفظ کی کوششوں میں لیبر یونین کی مکمل حمایت کرے گا۔

فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے اپنے خطاب میں کہا کہ بزنس کمیونٹی اور سی ڈی اے اسلام آباد کی تعمیر و ترقی میں سب سے اہم سٹیک ہولڈرز ہیں لہذا کاروبار اور شہر کی بہتر ترقی کیلئے چیمبر اور سی ڈی اے کا قریبی باہمی تعاون بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے اکثر مسائل سی ڈی اے سے متعلق ہیں جن کو حل کرنے میں سی ڈی اے ملازمین فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے یونین اور چیمبر کی ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے جو بزنس کمیونٹی کے مسائل کوحل کرنے کیلئے کام کرے۔ انہوں نے اسلام آباد شہر کو سرسبز بنانے میں سی ڈی اے ملازمین کے کردار کو سراہا اور ملازمین کی فلاح و بہبود کی کوششوں میں چوہدری محمد یٰسین کو بزنس کمیونٹی کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر فہیم خان، محمد اعجاز عباسی، باسر داؤد، محمد نوید ملک، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سی ڈی اے ملازمین کے مفادات کے تحفظ کیلئے چوہدری محمد یٰسین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ اسلام آباد شہر کی ترقی میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کا بہت اہم کردار ہے کیونکہ تاجروں صنعتکاروں نے اس شہر کو آباد کرنے اور صنعت و تجارت کو فروغ دے کر روزگار فراہم کرنے میں مفید کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ وہ سی ڈی اے یونین کے دفتر میں چیمبر کیلئے دو ملازمین نامزد کریں گے جبکہ ہر ڈائریکٹوریٹ میں بھی چیمبر کیلئے ایک ملازم کو بطور فوکل پرسن نامز د کیا جائے گا تا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرانے میں ہرممکن تعاون کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے یونین چیمبر کے ساتھ مل کر شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی تا کہ اسلام آباد کو ترقی کے لحاظ سے پاکستان کا ایک مثالی شہر بنایا جا سکے۔دونوں نے اس موقع پر مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے باہمی تعاون کا ایک معاہدہ کرنے پر بھی بات چیت کی۔