پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت بھاری اضافہ زیادتی ہے ،اضافہ واپس لیا جائے: پیاف

لاہور ( ویب  نیوز)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے مہنگائی میں جکڑی معاشی مسائل سے دوچار عوام پر پٹرول بم گرانے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمت  10.49 روپے اور ڈیزل کی قیمت12.44 روپے یکمشت بڑھانا سراسر زیادتی ہے ، پٹرول بم مہنگائی بم ثابت ہو گا۔ گزشستہ چند ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متواتر اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ ٹریڈرز اور عام لوگوں پر بہت بڑا ظلم ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور پٹرولیم پروڈکٹس کی قیمت میں بھاری اضافہ فورا واپس لے۔سیئنر وائس چیئرمین پیاف ناصر حمید خان اور وائس چیئرمین پیاف جاوید اقبال صدیقی نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھی ہیں لیکن صنعت و تجارت اور عوام پربوجھ ڈالنے کی بکائے حکومت اپنے غیر پیداواری اخراجات میں کمی لا کر اس اضافے کو برداشست کرے ۔ پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے سے ملکی معیشت پر منفی اثرات آئیں گے۔ ترقی کی شرح نیچے گرے گی۔ تاجر و صنعتکار کی پیداواری لاگت میں بھی مزید اضافہ ہو گا۔کرونا وبا کی وجہ سے پچھلے ڈیڑھ دوسال کے دوران صنعت و تجارت سے وابستہ تمام شعبہ جات پہلے ہی بری طرح متاثر ہیں ایسے حالات میں حکومت پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی بجائے ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی شرح کم کرے، غیر پیداواری اخراجات میں کمی لائی جائے تاکہ پیداواری لاگت اور مہنگائی کم ہو سکے۔ پٹرول صنعت و تجارت و زراعت کے لئے خام مال کا درجہ رکھتا ہے اور اسکی قیمتوں میں اضافے سے پیداواری لاگت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے اور فیول کی قیمتیں بڑھنے سے بجلی کی قیمت بھی بڑھ جاتی ہے اورمہنگی بجلی ،مہنگی پیدوار کا باعث ہے جس سے ملک میں ہوشربا مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے پاکستان عالمی منڈی میں دوسرے ممالک کا مقابلہ نہیں کرسکتا جس کی وجہ سے صنعتکاروں کو مالی نقصان کے ساتھ ساتھ حکومت کے ریونیو میں بھی کمی واقع ہورہی ہے ۔پٹرولیم پروڈکٹس کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانے پر سخت تنقید کرتے ہوئے  ناصر حمید و جاوید صدیقی نے کہا ہے کہ گورنمنٹ صورتحال کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔ پٹرولیم پروڈکٹس کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانے سے ٹریڈ اور انڈسٹری تباہ ہوگی لیکن حکومت پچھلے کئی ماہ سے مسلسل پٹرولیم پروڈکٹس کی پرائس بڑھاتی جارہی ہے۔ گورنمنٹ اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے پٹرولیم پروڈکٹس کی قیمت بڑھارہی ہے لیکن اسے اس کی پرواہ نہیں ہے کہ اس سے ٹریڈ۔انڈسٹری اور عوام الناس پر کیا بیتے گی۔ پیاف عہدیدران نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پٹرولیم پروڈکٹس کی قیمتوں میں بھاری اضافہ فورا واپس لے اور اپنے غیر ضروری اخراجات کم کرے ورنہ انڈسٹری کی ان پٹ کاسٹ میں اضافہ ہوجائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ عام آدمی کا جینا بھی دوبھر ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ گورنمنٹ ڈالر کی ویلیو کو بھی کنٹرول کرے ورنہ اس کی وجہ سے جو مسئلے پیدا ہونگے ان کو کنٹرول کرنا ناممکن ہوگا  ہ حالیہ اضافہ بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافے کا باعث بنے گا