آسام میں مسلمانوں کو آبائی گھروں سے جبر کے ذریعے بے دخل اور نشانہ بنایاجارہا ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد  (ویب ڈیسک)

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں اور ان کے طرز زندگی کے لئے گنجائش نہ ہونے کے برابر ہے،بھارت میں مساجد کی بے حرمتی، مسلمانوں کے گھروں ، دکانوں کی توڑ پھوڑ قابل مذمت ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت میں مساجد کی بے حرمتی، مسلمانوں کے گھروں ، دکانوں کی توڑ پھوڑ اور تباہی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان نے کہا ہے کہ تری پورہ بھارت میں انتہا پسند ہند وتوا جتھوں کی جانب سے یہ افسوسناک اور بہیمانہ حملے گزشتہ ایک ہفتے سے جاری ہیں اور اطلاعات کے مطابق ریاستی مشینری مسلمانوں اور ان کی املاک کے تحفظ میں ناکام رہی ہے۔دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوتوا کے زیراثر بی جے پی اور آر ایس ایس مل کر منظم انداز میں مسلمانوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کراتی آرہی ہے، آج کے بھارت میں اقلیتوں اور ان کے طرز زندگی کے لئے گنجائش نہ ہونے کے برابر ہے، آسام میں دہائیوں سے آباد مسلمانوں کو ان کے آبائی گھروں سے زورزبردستی اورجبر کے ذریعے بے دخل کیا اور نشانہ بنایاجارہا ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا، اقلیتوں پر حملے روکنے، عبادت گاہوں کی حفاظت یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔