کابل ملٹری ہسپتال کے نزدیک حملے، کم از کم 19 ہلاکتیں، درجنوں زخمی

ملٹری ہسپتال کے نزدیک کم از کم دو زوردار دھماکوں کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔

کابل ( ویب  نیوز)کابل میں ایک ملٹری ہسپتال کے داخلی دروازے کے نزدیک دو بم دھماکے اور شدید فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی  ہوئے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل  کو طالبان حکام اور عینی شاہدین کی طرف سے کہا گیا کہ کابل میں قائم افغانستان کے سب سے بڑے ملٹری ہسپتال کے نزدیک کم از کم دو زوردار دھماکوں کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔ ابتدائی طور پر افغانستان کی وزارت داخلہ کے ایک ترجمان قاری سعید خوستی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ دھماکے سردار محمد داد خان کے ہسپتال کے داخلی دروازے پر ہوئے۔ اس ہسپتال میں مریضوں کے لیے 400 بستروں کا انتظام ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے اپنے ٹویٹ پیغام میں تحریر کیا،” سکیورٹی فورسز کو جائے وقوعہ اور ارد گرد کے علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے تاہم اب تک ہلاکتوں کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔دھماکوں کی شدت کا اندازہ اس علاقے کے رہائشیوں کی طرف سے شیئر کی گئی تصاویر سے ہوتا ہے، جن میں دور دور تک سیاہ بادل دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ دراصل کابل کے سابق سفارتی زون کے نزدیک کا ایک علاقہ ہیں۔ فوری طور پر ان دہشت گردانہ واقعات کی کسی نے بھی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم افغانستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی باختر نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ یا آئی ایس کے متعدد جنگجو ہسپتال میں داخل ہوئے اور ان کی سکیورٹی  اہلکاروں کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ہسپتال کا ایک ہیلتھ ورکر نے بتایا کہ اسے پہلے ایک زوردار دھماکہ سنائی دیا جس کے چند منٹوں بعد فائرنگ کی آوازیں آئیں۔ قریب دس منٹ بعد ہی دوسرا اور پہلے سے زیادہ زوردار دھماکہ ہوا۔اس ہیلتھ ورکر کا تاہم کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ دھماکے اور فائرنگ ہسپتال کے کمپاونڈ کے اندر ہوئے یا نہیں؟کابل کے علاقے وزیر اکبر خان کے اس ملٹری ہسپتال میں ہونے والے دھماکوں کے بعد ایک غیر سرکاری تنظیم یا این جی او نے کہا تھا کہ کم از کم 9 زخمی افراد کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔ابتدائی طورپر طالبان حکومت کے ایک نائب ترجمان بلال کریمی نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ 400 بستروں پر مشتمل داد خان ملٹری ہسپتال کے داخلی دروازے کے نزدیک ایک دھماکہ ہوا ہے۔دہشت گردی کے ان واقعات کی مزید تفصیلات ابھی سامنے آ رہی ہیں۔ تازہ ترین رپورٹو ںکے مطابق  کم از کم 19 افراد ہلاک جبکہ  50 سے زائد کے زخمی ہوئے،افغان وزارت صحت کے عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کابل کے ہسپتالوں میں 19 لاشوں اور تقریبا 50 زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے۔