نئی دہلی (ویب ڈیسک)

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث سکول ایک ہفتے کے لیے بند کر دیئے گئے۔نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے  اعلان کیا ہے کہ  سوموار سے  سکول ایک ہفتے کے لیے بند رہیں گے اور سکولوں کی کلاسیں  ورچوئل ہوں گی۔ انہوںنے کہا کہ سکول اس لیے بند کیے جا رہے ہیں کہ بچوں کو آلودہ ہوا میں سانس نہ لینا پڑے ۔سکول بند کرنے کا فیصلہ نئی دلی میں فضائی آلودگی کے خطرناک حد  تک بڑھ جانے کے باعث کیا گیا ۔ بھارت کے مرکزی آلودگی کنٹرول ادارے کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ روز نئی دہلی میں ائیر کوالٹی انڈیکس کے 500 کے پیمانے میں آلودگی 437پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔نئی دہلی حکومت نے  آلودگی کے باعث ایمرجنسی اقدامات کرتے ہوئے چار دن کے لیے کھلی جگہوں پر دھول اڑانے اور تعمیراتی کام  کرنے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔اروند کیجریوال نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کے لیے پابند کیا گیا جبکہ نجی اداروں کو بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ ملازمین کے لیے گھروں سے آن لائن کام کرنے کی پالیسی اپنائیں۔