منی بجٹ تیار، پرتعیش امپورٹڈ اشیا پر کسٹم ڈیوٹی بڑھانے کی تجویز

کاسمیٹکس، ڈبہ بند خوراک،لگژری آئٹمز مہنگے ہوں گے، امپورٹڈ گاڑیوں کی قیمتیں بھی اوپرجائیں

حکومت جب کہے گی منی بجٹ پیش کردیں گے،سیلز ٹیکس کی چھوٹ کو واپس لیا جارہا ہے ،چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد

اسلام آباد(ویب  نیوز)حکومت نے منی بجٹ تیار کر کے مسودہ وزارت قانون و انصاف کو بھجوا دیا جبکہ پرتعیش امپورٹڈ اشیا پر کسٹم ڈیوٹی بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔ منی بجٹ میں کاسمیٹکس، ڈبہ بند خوراک اور لگژری آئٹمز مہنگے ہوں گے، امپورٹڈ گاڑیوں کی قیمتیں بھی اوپرجائیں گی۔چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد کا کہنا ہے کہ منی بجٹ تیار ہوچکا ہے، حکومت جب کہے گی پیش کردیں گے، سیلز ٹیکس کی چھوٹ کو واپس لیا جارہا ہے ، لگژری اشیا کی درآمدات پر ٹیکس لگائے جائیں گے،درآمدی گاڑیوں پر اضافی ٹیکس کی سفارش بھی کی گئی ہے۔چیئرمین ایف بی آر کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پرسیلز ٹیکس ریفائنری اسٹیج پر لاگو ہوگا،کھانے پینے کی اشیا اورادویات پر ٹیکس چھوٹ برقرار رہے گی۔ مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ منی بجٹ لانے کے اعلان سے ثابت ہواکہ قومی بجٹ کے موقع پر جھوٹ بولا گیا، منی بجٹ لانے والے کہتے تھے کہ کوئی منی بجٹ نہیں آئیگا، عمران نیازی نے ایک اور یوٹرن لیا ہے۔ شہبازشریف کاکہنا تھا کہ یہ منی بجٹ نہیں، معاشی تباہی اور مہنگائی کا سیاہ طوفان ہے، منی بجٹ قومی معیشت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔