جامعہ کشمیر میں وزیر اعظم پاکستان کے کامیاب جوان پروگرام کا مرکز جلد کام شروع کر دے گا‘ وائس چانسلر ڈاکٹر کلیم عباسی
ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اس مرکز کے قیام کیلئے 47لاکھ کی ابتدائی مالی امداد فراہم کرے گا‘ ڈی جی ہائر ایجوکیشن کمیشن
کامیاب جوان پروگرام سنٹر میں ایک چھت کے نیچے طلباء/طالبات کو ہنرمندی، کھیلوں کی سرگرمیوں سمیت دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی

مظفرآباد (ویب نیوز  )

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے تعاون سے جامعہ کشمیر مظفرآباد سٹی کیمپس میں جدید سہولیات سے آراستہ کامیاب جوان سنٹر قائم کیا جائیگا جس میں ایک چھت کے نیچے نواجوان طلباء /طالبات کو تعلیمی سہولیات، ہنرمندی کی تربیت، مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کے علاوہ داخلہ جات اور وظائف حاصل کرنے کیلئے رہنمائی فراہم کی جائیگی۔ یہ بات ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل کوالٹی ایشورنس اور انچارج کامیاب جوان پروگرام ڈاکٹر ناصر شاہ نے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے شعبہ انجینئرنگ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیوم، رجسٹرار پروفیسر عائشہ سہیل، ناظم مالیات و منصوبہ بندی سید شفاعت علی گیلانی، ڈائریکٹر منصوبہ بندی ڈاکٹر عنصر یاسین، کامیاب جوان پروگرام جامعہ کشمیر کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر واجد عزیز لون، ناظم امتحانات ڈاکٹر شرجیل سعید اور دیگر سینئر آفیسران بھی موجود تھے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل کوالٹی ایشورنس ڈاکٹر ناصر شاہ نے کہا کہ ملک بھر میں جن سرکاری جامعات میں کامیاب جوان سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اُن میں جامعہ کشمیر بھی شامل ہے۔ جہاں ایک جدید سہولیات سے آراستہ ایک سنٹر قائم کر کے طلباء کو ایک جگہ پر تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی اور اس مقصد کیلئے جامعہ کشمیر کو چار اشاریہ سات ملین روپے کی ابتدائی مالی معاونت بھی مہیا کی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک چھت کے نیچے ون ونڈو آپریشن ہو گا جہاں طلباء /طالبات کو اسپورٹس انٹرن شپ، سکالر شپ کے حصول کیلئے رہنمائی، ہاسٹل میں سیٹ حاصل کرنے میں معاونت، مختلف ہنر کی تربیت سمیت دیگر امور و مسائل کے حل میں معاونت فراہم کی جائے گی وہاں اس مرکز میں ایسے جدید انتظامات کیئے جائیں گے کہ اگر کوئی طالب علم خود اس مرکز میں نہیں آ سکتا تو وہ فون کال، ای میل اور دوسرے ڈیجیٹل ذرائع سے درپیش مسئلہ کے حل کیلئے رہنمائی حاصل کر سکے گا۔ اس مرکز میں نوجوانوں کو کیئریر کونسلنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے اس اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ جامعہ کی انتظامیہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے اور اس پروگرام کے ذریعے نوجوان طلباء/طالبات کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے پوری محنت اور تندہی سے کام کرے گی۔ جامعہ کشمیر کے وائس چانسلر نے ڈائریکٹر جنرل ہائر ایجوکیشن کمیشن کو یونیورسٹی کے اندر مختلف تعلیمی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جامعہ کے نیلم ویلی کیمپس میں مکانیت کی کمی وجہ سے تدرسی عمل میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ آزاد کشمیر کے دور دراز علاقے میں اس کیمپس کی تعمیر مکمل کر کے جامعہ ٹورازم، فاریسٹری اور ایجوکیشن کے پروگرام شروع کرنا چاہتی ہے۔ بعد ازاں ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ناصر شاہ نے وائس چانسلر اور جامعہ کے سینئر انتظامی آفیسران کے ہمراہ کامیاب جوان پروگرام سنٹر کی مجوزہ جگہ کا معائنہ بھی کیا اور اس حوالے سے جامعہ کی انتظامیہ سے تبادلہ خیال کیا۔