گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈننس 2021 پر دستخط کر دئیے

پنجاب میں نافذ نئے بلدیاتی نظام سے عوام کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنایا جارہا  ۔چوہدری محمدسرور

لاہور (ویب  نیوز) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈننس 2021 کی منظوری دیدی۔گورنر پنجاب نے کا بینہ کے منظور شدہ پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس پر دستخط کرکے نئے نظام کے نفاذ کا پنجاب میں حتمی عمل مکمل کر دیاہے جبکہ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پنجاب میں نافذ نئے بلدیاتی نظام سے عوام کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنایا جارہا ہے اور وزیر اعظم عمران خان اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر نے کا وعدہ پورا کررہے ہیں۔پنجاب میں عوام کو مضبوط اور خوشحال بنایا جا ئیگا ۔ تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے ہفتے کے روز گور نر ہائوس لاہور میں پنجاب میں لوکل باڈیز آرڈننس 2021 کی منظوری دیدی۔ اس موقعہ پر پر نسپل سیکرٹری ٹو گور نر پنجاب ڈاکٹر راشد منصوراورسپیشل سیکرٹری ٹو گور نر پنجاب عمر سعید سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پنجاب میں لوکل باڈیز آرڈننس 2021 پر دستخط کر نے کے موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پہلے دن سے پنجاب میں مضبوط بلدیاتی نظام کا وعدہ کرتے رہے ہیں اور آج الحمد للہ وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے تحت اس وعدے کو پورا کر دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ انشاء اللہ تحر یک انصاف کی حکومت پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی ترقی اور خوشحالی تحریک انصاف کی حکومت کی اولین تر جیح ہے اور موجودہ حکومت اداروں میں شفافیت اور میرٹ کو بھی ہر سطح پر یقینی بنا رہی ہے۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان میں اداروں کی مضبوطی کے لیے موجودہ حکومت نے جتنا کام کیا ہے ماضی میں اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ اُنہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت نے پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے ذریعے اختیارات کو بھی نچلی سطح پر منتقل کر نے کا وعدہ بھی پورا کر دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ عوام اپنے میئرز کا انتخاب بھی براہ راست اپنے ووٹ سے کریں گے اور ووٹ کی طاقت سے عوام اپنی مر ضی کے نمائندوں کو منتخب کر سکیں گے ۔ اُنہوں نے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام سے جمہوریت بھی مزید مضبوط گی ۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت حکومت نے میئرز کو مضبوط بنایا ہے اور اہم اداروں کی سربراہی بھی نئے نظام کے تحت منتقل کر دی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب لوکل باڈیز آرڈیننس کے تحت پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر براہ راست ہونگے ۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب کے شہروں اور دیہاتوں میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور عوامی مسائل کو انکے گھر وںکی دہلیز پر حل کیا جائے گا