گوادر دھرنے پر وفاقی و صوبائی حکومتیں ٹس سے مس نہیں ہورہیں: حافظ حسین احمد   

 نواز شریف دور میں سی پیک کے فنڈز لاہور میٹروکے نذر ہوگئے اور اب IMFکے تحت کام کچھوے کی رفتار سے جاری ہے

گوادر کے ہزاروں مظاہرین اگر پنجاب یا اسلام آباد میں دھرنا دیتے تو وفاقی وزراء قائدین کے قدموں میں پڑے نظر آتے

گوادر کے مجبور مظلوم ہزاروں احتجاج کرنے والوں کو محض تسلی دینے کے لیے وزیر اعلیٰ نے بھی زحمت نہیں کی

 کوئٹہ /گوادر /اسلام آباد (ویب نیوز )

جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا کہ گوادر کے مظلوم عوام سی پیک سمیت گوناگون مسائل کے حوالے سے کئی روز سے دھرنے پر بیٹھے ہیں لیکن مرکزی اور صوبائی حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی جبکہ میڈیا بھی اس حوالے سے اب تک خواب خرگوش میں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا کے نمائندوں اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں سی پیک کے فنڈز لاہور میٹرو کی نذر ہوگئے جبکہ اب آئی ایم ایف کی احکامات کے تحت سی پیک پر کام کچھوے کی رفتار سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گوادر کے ہزاروں مرد و زن ٹی ایل پی کے دھرنے کی طرح پنجاب یا اسلام آباد میں ہو تے تو کالعدم ہونے کے باوجود آئین، قانون اور پارلیمنٹ کو بائی پاس کرتے ہوئے وفاقی وزراء کی جم غفیر دھرنا دینے والے قائدین کے قدموں میں پڑے ہوئے نظر آتے مگر گوادر کے مجبور مظلوم ہزاروں احتجاج کرنے والوں کو محض تسلی دینے کے لیے بھی وزیر اعلیٰ نے بھی زحمت نہیں کی باقی مسائل کے حل کا تو ویسے بھی ان کو اختیار نہیں جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا کہ کم از کم صوبہ بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں، علماء کرام، وکلا ء، عزام، تاجر، طلباء، ٹرانسپورٹر اور زمینداروں وغیرہ کو گوادر کے مجبور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا فرض ادا کرنا چاہئے۔