اپوزیشن کے مشترکہ فیصلوں کو ن لیگ کی ”مفاہمانہ ونگ“ نے ویٹو کردیا: حافظ حسین احمد

پی ڈی ایم نے عمران نیازی کی آخری سانس لیتی ہوئی حکومت کو مزید چار ماہ عطاء فرمائے

جعلی اسمبلیوں کو ایک لمحہ برداشت نہ کرنے والوں نے احتجاج ”جہاد“ کواگلے سال تک ٹال دیا

اگلے سال بھی ان مفاداتی اور مفاہماتی ٹولہ کے تلوں میں تیل نہیں ہوگا، مفاہمانہ ونگ اپنا کام دکھائے گی

مولانا فضل الرحمن ان دھاندلی زدہ اسمبلیوں سے اپنے لیے صدارتی ووٹ کی بھیک مانگتے نظر آئے

خدانخواستہ مولانا دھاندلی زدہ اسمبلیوں سے صدر پاکستان منتخب ہو جاتے تو کیا وہ دھاندلی زدہ قرار نہیں پاتے؟

ماضی میں جدہ سعودی عرب کے پناہ گزین اس بار عدلیہ سے سزایافتہ مجرم ایک طے شدہ ڈیل کے تحت لندن فرار ہوئے

 کوئٹہ/اسلام آباد(ویب  نیوز  ) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا کہ پی ڈی ایم نے عمران نیازی کی آخری سانس لیتی ہوئی حکومت کو مزید چار ماہ عطاء فرمائے۔ وہ منگل کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا اور مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جدہ سعودی عرب کے پناہ گزیں اس بار عدلیہ سے سزا یافتہ ہونے کے بعد وہ ایک طے شدہ ڈیل کے تحت لندن فرادہوئے اب لندن کے فیصلوں نے پی ڈی ایم اسلام آباد کے طے شدہ سربراہی اجلاس کے اعلانیہ کو ”ویٹو“ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں 2018ء سے آج تک بقول مولانا فضل الرحمن دھاندلی زدہ حکومت اور اسمبلیوں کو ایک لمحہ برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے لیکن مولانا فضل الرحمن ان دھاندلی زدہ اسمبلیوں سے اپنے لیے صدارتی ووٹ کی بھیک مانگتے نظر آئے لیکن وہ اس میں ناکام رہے اگر خدانخواستہ وہ اسی دھاندلی زدہ اسمبلیوں سے صدر پاکستان منتخب ہو جاتے تو دھاندلی زدہ وزیراعظم عمران خان نیازی کی طرح کیا مولانا فضل الرحمن بھی دھاندلی زدہ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان قرار نہیں پاتے؟حافظ حسین احمد نے کہا کہ گذشتہ چار سالوں سے اپوزیشن کے انتشاری اکٹھ پی ڈی ایم کے نام نہاد”سربراہی“ اجلاسوں کے کئے گئے فیصلوں کو مسلم لیگ ن کی مفاہمانہ ونگ کے پے در پے ویٹو کے باوجود بڑی ڈھٹائی سے احتجاج یعنی ”جہاد“ کو اگلے سال تک ٹال دیاجبکہ اگلے سال بھی ان مفاداتی اور مفاہماتی ٹولہ کے تلوں میں تیل نہیں ہوگا۔