فیصل آباد،حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں بلدیاتی اداروں کو تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

فیصل آباد(ویب نیوز  ) حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں بلدیاتی اداروں کو تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے 2جنوری سے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بلدیاتی اداروں کے ایڈمنسٹریٹر کو تعینات کر دیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی طرف سے جاری ہونیوالے نوٹیفکیشن کے مطابق 31دسمبر 2021ء کو صوبہ بھر میں بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہو چکی ہے جس پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بلدیاتی اداروں کو تحلیل ہونے کے بعد 2جنوری 2022 سے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کی ذمہ داری ڈپٹی کمشنر لاہور، جبکہ صوبہ بھر کے دیگر اضلاع میں میونسپل کارپوریشنز اور ڈسٹرکٹ کونسل کے ایڈمنسٹریٹر متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ہونگے جبکہ میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ اور گجرات کی ذمہ داریاں متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری اسسٹنٹ کمشنر کو دے دی گئیں۔ علاوہ ازیں تحصیل میونسپل کمیٹیز کی ذمہ داریاں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور یونین کونسلز کے چیئرمینز کی ذمہ داریاں متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو سونپ دی گئیں۔