اسلام آباد(ویب نیوز  )
ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم اور چیئرمین کیپٹل آفس قربان علی نے کہا ہے کہ خواتین
کو قومی دھارے میں لانے کیلئے پالیسیاں بنائی جائیں۔ ملکی ترقی کیلئے خواتین کو معیشت میں شامل کرنا ناگزیر ہے ۔ گلگت بلتستان جیسے علاقے میں وومن چیمبر کا قیام خوش آئند ہے اس سے خواتین کو ترقی کے بھرپور مواقع ملیں گے ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز پارلیمانی سیکرٹری ٹورازم گلگت بلتستان اسمبلی و وومن چیمبر گلگت کی گروپ لیڈر دلشاد بانو کی سربراہی میں ایک تجارتی وفد سے ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس میں ملاقات کے دروان کہی ۔ وفد میں گلگت وومن چیمبر کی صدر علوینہ مجیب ، گلگت سمال چیمبر کے سابق صدر محمد علی جناح اور ہمالیہ پاکستان ٹورازم کے چیف ایگزیکٹیو سلیم مرتضیٰ شامل تھے ۔ پارلیمانی سیکرٹری جی بی اسمبلی و گروپ لیڈر گلگت چیمبر دلشاد بانو اور صدر علوینہ مجیب نے سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی خواجہ شاہ زیب اکرم، چیئرمین کیپٹل آفس قربان علی کا گلگت بلتستان میں کاروباری خواتین کیلئے وومن چیمبر کے قیام میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ملک کے دیگر چیمبرز کی طرح گلگت بلتستان کی کاروباری خواتین بھی ملک کی معاشی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت وومن چیمبر، ایف پی سی سی آئی اور گلگت حکومت کیساتھ ملکر علاقہ میں خواتین کیلئے کاروبار کیساتھ ساتھ ہنر، تعلیم و تربیت کے موقع بھی فراہم کرے گا۔ انہوںنے کہا کہ  کاروبار کرنے والی خواتین کو ایک مخلصانہ پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے کیونکہ ہماری خواتین میں کام کرنے کا جذبہ بہت زیادہ ہے لیکن ان کو بین الاقوامی سطح پر کام کرنے کا اتنا تجربہ نہیں ہے جس کی وجہ سے ہم ہمسایہ ممالک سے بہت پیچھے ہیں کیونکہ ان کے اور ہمارے کام کے درمیان معیار کا بہت فرق ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم اور چیئرمین کیپٹل آفس قربان علی نے کہا ہے کہخواتین سماجی،اقتصادی اور انسانی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ، حکومت کو بھی خواتین کو با اختیار بنانے پر کیلئے عملی اقدامات اٹھانا چاہیں۔ انہوں نے گلگت وومن چیمبر کے قیام پر گروپ لیڈر دلشاد بانو اور صدر علوینہ مجیب کو مبارکباد دیتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین انٹرپرینیورز ملک کا اثاثہ ہیں انہیں کاروبار کے جدید طریقے و سہولیات بہم پہنچانا ایف پی سی سی آئی کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلی بار ایف پی سی سی آئی میں خواتین کو بھی بھرپور نمائندگی دی ۔ نائب صدرات کے علاوہ تمام دفاتر میں وومن انٹرپینور کے مسائل کے حل کیلئے وومن کوآرڈینیٹر ز مقرر کی گئیں تاکہ کاروباری خواتین کے مسائل خوش اسلوبی سے حل ہوں۔