دی بینک آف پنجاب اور لاہور قلندر زکے مابین پی ایس ایل سیون کے لئے اشتراک

لاہور (ویب نیوز )

دی بینک آف پنجاب اور لاہور قلندرز کے مابین پی ایس ایل سیون کے لئے اشتراک ۔ اشتراک کے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوئی۔ معاہدے پر صدر اور سی ای او دی بینک آف پنجاب ظفر مسعود اور سی ای او لاہور قلندرزعاطف رانا نے دستخط کیے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دی بینک آف پنجاب کے سی ای او اور صدر ظفر مسعودنے کہا کہ کرکٹ پاکستان میں اب ثقافت کا درجہ حاصل کر چکی ہے جو سڑکیں ویران کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ لاہورقلندرز نہ صرف میری پسندیدہ ٹیم ہے بلکہ یہاں بیٹھے ہر فرد کی بھی پسندیدہ ٹیم ہے۔ ظفر مسعود نے کہا کہ ہمارے ہر کام کا مقصد نئی جہتیں تلاش کرنا ہوتا ہے اسی لئے ہم لاہور قلندرکے ساتھ مل کر مشترکہ پراڈکٹ پیش کریں گے جو کہ دونوں اداروں کیلئے نہایت مفید ثابت ہوگی اور اس سے لیگ میں نئی دلچسپی اور جان پیدا ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ اس اشتراک کا مقصد صحت مندانہ سرگرمیوں کا فروغ ہے، صدر بی او پی نے لیگ جیتے کی صورت میں کھلاڑیوں کو اس سپانسرشپ کے علاوہ ایک کروڑ روپے کا خصوصی انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی ای او لاہور قلندرزعاطف رانا نے کہا کہ آج میری زندگی کا بہت بڑا دن ہے کیونکہ میں نے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز بینکنگ سے ہی کیا تھا اور آج میں پاکستان کے ٹاپ موسٹ بینکر کے ساتھ بیٹھا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی او پی اور لاہور قلندر زکے مابین ہونے والا یہ اشتراک رسمی اور مختصر نہیں بلکہ یہ دیر پا شراکت داری کا آغاز ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ سیزنزمیں قسمت نے لاہور قلندزر کا ساتھ نہیں دیا تا ہم بی او پی اور معجزاتی شخصیت کے حامل صدر بی او پی ظفر مسعود کی رہنمائی اور ساتھ لاہور قلندر زکے لئے خوش بختی لائے گااور ان کا ویژن نہ صرف لاہور قلندرز بلکہ پی ایس ایل کو بھی نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور قلندر زسے منسلک پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ دونوں اداروں کے مابین ہونے والا یہ اشتراک شاندار نتائج لائے گا اور اس کے نتیجے میں اس ملک کے نوجوانوں کے لئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ لاہور قلندر کی کپتانی ملنا شاہین شاہ آفریدی کے لئے اپنی قائدانہ صلاحتیں منوانے کا ایک شاندار موقع ہے۔معاہدے کی تقریب میں دونوں اداروں کے اعلی عہدیداران نے بھی شرکت کی۔