جماعت اسلامی کے سندھ بھر میں ترمیمی بلدیاتی کالے قانون کیخلاف احتجاجی مظاہرے اور کیمپس

 پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ لوگوں کو اپنا غلام بنانا چاہتی ہیں،فوری طور پر غیر قانونی ترمیمی بل واپس لے کر بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جائے

ممتاز حسین سہتو، کاشف سعید شیخ، عبدالقدوس احمدانی، سیدعلی مردان شاہ، اللہ بچایو ہالیوپوٹہ، فاروق نظامانی، قاری ابوزبیر جکھرو ودیگر کا شرکاء سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

کراچی(ویب  نیوز)

جماعت اسلامی سندھ کے تحت سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی ترمیمی بلِ پاس کرکے بلدیاتی اداروں کے اختیارات سلب کرنے کیخلاف اور جماعت اسلامی کراچی کے تحت سندھ اسمبلی پر جاری دھرنے کے حق میں کراچی تا کشمور ضلعی ہیڈکواٹرز پر احتجاجی کیمپس کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑے پیمانے پر شہریوں، کارکنان جماعت اور ر جماعت اسلامی کے صوبائی، ضلعی اور مقامی رہنمائوں نے شرکت کی، شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھارکھے تھے جن پر ”جینا ہوگا مرنا ہوگا دھرنا ہوگا دھرنا ہوگا، کالا قانون نامنظور نامنظور، تیز ہو تیز ہوجدوجہد تیز ہو” کے نعرے درج تھے جبکہ سندھ حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔  اس سلسلے میں جماعت اسلامی لاڑکانہ کے تحت پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس سے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بنیادی جمہوریت کا انکار کیا ہے،

کورٹ اور عوام کے بار بار مطالبات کے باوجود سندھ میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہورہے ہیں جبکہ پ پ حکومت نے اداروں سے رہے سہے اختیارات بھی چھین لئے ہیں جبکہ بلدیاتی ادارے نچلی سطح تک عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بنائے گئے ہیں، مذاکرات کو کامیاب کرنے کی ذمہ داری پیپلزپارٹی پر عائد ہوتی ہے تاکہ صوبے میں پرامن طور پر یکساں بااختیارات بلدیاتی انتخابات ہوں اور اختیارات نیچے کی سطح تک عوامی منتخب نمائندوں کو حاصل ہوں۔اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اپنی طویل دور اقتدار میں سندھ کے عوام پر روا رکھے جانے والے مظالم اور زیادتیوں کا ازالہ کرنے کی بجائے انہیں بلدیاتی اداروں کے ذریعے معمولی سہولتیں دینے سے بھی انکاری ہے، عوام جمہوریت کے دعویدار پیپلزپارٹی کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں اسلئے بلدیاتی انتخابات میں شکست کے خوف سے بلدیاتی ترمیمی کالا قانون منظور کیا گیا ہے، شہروں میں من پسند یوسی ناظمین منتخب کرواکے ٹائون بناکر اقتداراپنے لے پالک اور خوشامدیوں کے حوالے کرنا چاہتی ہے، جماعت اسلامی صرف سڑکوں احتجاج نہیں بلکہ اس بل کیخلاف اعلیٰ عدالتوں سے بھی رجوع کریگی، سندھ کے حقوق کی جدوجہد کراچی سے شروع ہوکر اب صوبے کے ہر شہری کے دل کی آواز بن چکی ہے ہم ہر جگہ کرپٹ اور نااہل حکمرانوں کا گھیرائو کریں گے۔ اس موقع پر ہائی کورٹ بار کے صدر عاشق دھامراہ، ضلعی امیر قاری ابوزبیر جکھرو،جے آئی یوتھ کے صدر عبدالوحید میتلو ودیگر بھی موجود تھے۔ بدین کے تحت گولارچ،. بدین.،ٹنڈوباگو، تلہار، شادی لارج سمیت دیگر شہروں میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ 2015 کی منظوری. بلدیاتی کالے قانون کے خلاف احتجاجی کیمپ لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ. نائب امیر سید داود شاہ گیلانی. اللہ بچایوو ہالیپوٹہ، غلام رسول احمدانی ودیگر نے شرکت کی احتجاجی کیمپ کے موقع پر میڈیا کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ کو اپنی جاگیر سمجھتی ہیں اور سندھ سمیت ضلع بدین میں کے لوگوں کو اپنا غلام بنانا چاہتی ہیں، لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کے ذریعے بلدیاتی منتخب نمائندوں کے اختیارات سلب کرلیے ہیں، موجودہ حکومت بلدیاتی اداروں اور منتخب نمائندوں سے اختیارات چھیننا چاہتی ہے غیر قانونی ترمیمی بلدیاتی کالے قانون کی آڑ میں منتخب بلدیاتی اداروں کے اختیارات اپنے پاس رکھ کر صرف ٹھیکیداری نظام منتخب نمائندوں کو دینے کی پلاننگ کی جارہی ہے ایسا ہرگز نہ ہونے دیں گے سندھ حکومت فوری طور پر ترمیمی بلدیاتی کالے قانون فوری طور پر واپس لے ۔بلدیاتی ترمیمی بل کیخلاف جماعت اسلامی ضلع ٹنڈومحمد خان کے تحت پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے صوبائی نائب قیم عبدالقدوس احمدانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ ترمیمی بلدیاتی کالے قانون کا بل واپس لیا جائے سندھ اسمبلی میں بلدیاتی اداروں کو بے اختیار بنانے والے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کو واپس لیکر بلدیاتی اداروں اور منتخب نمائندوں کے مالی اور انتظامی طور پر بااختیار بنایا جائے۔ جماعت اسلامی کراچی میں جاری دھرنے کی حمایت کرتی ہیں کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے وفاق اور سندھ حکومت کو سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے لیکن کراچی کے شہری ٹرانسپورٹ،گیس، بجلی اور صفائی سمیت پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے آج شدید مشکلات کا شکار ہیں، پیپلزپارٹی مسلسل حکومت میں ہونے کے باوجود سندھ کے عوام کو ڈلیور کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوچکی ہے۔ اس موقع پر ضلعی امیر حافظ لعل محمد سولنگی، فاروق نظامانی نے بھی خطاب کیا۔دریں اثناء جماعت اسلامی سانگھڑ کے تحت شہداد پور میں بھی احتجاجی کیمپ اور مظاہرہ کیا گیا ۔#