لاہور  (ویب ڈیسک)

آل پاکستان انجمن تاجران نے کہا ہے کہ پوائنٹ آف سیلز سسٹم کا نفاذ کے حوالے سے تاجر برادری تذبذب کا شکار ہے ،ایف بی آر کی مشینری اس نظام کی آڑ میں تاجروں کو ہراساں کر رہی ہے اور اس حوالے سے ہر روز شکایات آرہی ہیں ، مطالبہ ہے کہ اس طرز کے کسی بھی اقدام سے پہلے سروے اور مشاورت  کی پالیسی تشکیل دی جانی چاہیے ۔ مرکزی صدر اشرف بھٹی ، سیکرٹری جنر ل محبوب علی سرکی، لاہورکے صدرمیاںطارق فیروز، سینئر نائب صدر میاں سلیم اورجنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ لاہور چیمبر سمیت ملک بھر کے چیمبرز اور تاجر تنظیمیں پوائنٹ آف سیلز سسٹم کے حوالے سے تحفظات اور خدشات کا اظہار کر رہی ہیں ،یہ بھی شکایات آرہی ہیں جن تاجروں پر یہ لاگو نہیں ہوتا ایف بی آر کی مشینری انہیں بھی ہراساں کر رہی ہے جس کی وجہ سے خوف و ہراس کی فضاء پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہول سیلرز اور ریٹیلرز کی تفریق کے حوالے سے بھی پیچیدگیاں ہیں جنہیں دور کیا جانا چاہیے ۔ایف بی آر کے افسران اس حوالے سے آگاہی دیں اور تاجروں کو بتایا جائے تاکہ جو لوگ اس نظام کے زمرے میں آتے ہیں وہ اسے سمجھ سکیں اور خوف و ہراس کی فضا کا خاتمہ ہو ۔