ریاض  (ویب ڈیسک)

سعودی عرب کی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قیدیوں کی منتقلی کے معاہدے کی منظوری دے دی۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا ورچوئل اجلاس منگل کو خادم حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اعلامیے کے مطابق قائم وزیر برائے میڈیا ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ نے کہا کہ کابینہ نے سعودی عرب میں ابوظبی ایئرپورٹ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور ہر قسم کے خطرات سے بچا واور سیکیورٹی کے لیے متحدہ عرب امارات کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں بین الاقوامی برادری خصوصا سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ خطے اور دنیا میں قیام امن کے لیے ایسے جارحانہ رویوں کو روکنے کے لیے حرکت میں آئیں اور ان کا مقابلہ کرے۔اجلاس کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قیدیوں کی منتقلی کے معاہدوں کے مسودے کی منظوری بھی دی گئی جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان غیرقانونی نشہ آور اشیا اور غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے سلسلے میں تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔کابینہ کے اجلاس میں خادم حرمین شریفین کو جنوبی سوڈان کے لیفٹیننٹ جنرل سلواکیر مایارڈٹ سے ہونے والی ملاقاتوں اور بات چیت آگاہ کیا گیا جبکہ جمہوریہ کوریا کے صدر مون جائی اِن کے دورہ سعودی عرب کے نتائج اور ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ان کی بات چیت کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ سیاحت کے فروغ کے لیے جمیکا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے ساتھ ساتھ وزارت سیاحت اور عالمی سیاحتی تنظیم کے درمیان ای لرننگ کے ذریعے انسانی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے تعاون کے معاہدے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں سعودی عرب کی حکومت اور کویت کے درمیان براہ راست سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے سلسلے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔