پاکستان کی ماورائے عدالت پانچ کشمیریوں کی شہادت کے واقعات کی سخت مذمت
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے پلوامہ اور بڈگام اضلاع میں ماورائے عدالت پانچ کشمیریوں کی شہادت کے واقعات کی سخت مذمت کی ہے اور قابض بھارتی فوج کے عالمی احتساب کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔ایک پریس ریلیز میں دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے کہا کہ قابض بھارتی فوج نے جنوری کے مہینے میں جعلی مقابلوں اور محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں میں کم سے کم 23 کشمیریوں کو شہید کیا۔ہندو انتہا پسندانہ نظریئے کے تحت جس سے مسلمانوں کی نسل کشی کے واقعات بڑھے ہیں بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں خصوصا کشمیری شہریوں بے رحمانہ طریقے سے نشانہ بنا رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری غیرقانونی تسلط میں محصورکشمیریوں کے خلاف دبائو اور مظالم کے اقدامات بند کروائے۔عالمی برادری اس بہیمانہ جبرواستبداد اور غیرقانونی قبضے کا شکار محصور کشمیریوں کے استحصال کو رکوانے کے لئے فوری اپنا کردار ادا کرے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم بھارتی حکام کے ایک مبینہ پاکستانی مزاحمت کار کو ہلاککرنے کے جھوٹ کو بھی مسترد کرتے ہوئے اس کی مذمت کرتے ہیں۔ قابض بھارتی افواج بے گناہ کشمیریوں کو شہید کرنے کے لئے مشہور ہیں جنہیں نقدانعام اور بہادری کے تمغوں کے حصول کی امید میں مبینہ جنگجو کے طورپر پیش کیاجاتا ہے۔پاکستان کشمیری عوام کی مزاحمت کو سلام پیش کرتا ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت استصواب رائے کے اپنے جائز حق کے حصول کی پرامن اور منصفانہ جدوجہد کے لئے غیرمتزلزل عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ہم اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں اور انسانیت کے خلاف جرائم پر بھارت کو بلاتاخیر کٹہرے میں کھڑا کرے۔