سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ

سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں 3 ہزار فن کاروں نے حصہ لیا

بیجنگ (ویب ڈیسک)

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سرمائی اولمپکس 2022 کا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا،  افتتاحی تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ شرکت کی۔سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں چین کے صدر شی جن پنگ کے علاوہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن، پاکستان کے وزیراعظم عمران خان، ازبکستان کے صدر  سمیت 20 سے زائد ممالک کے سربراہان شریک ہوئے،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری، وفاقی وزیر اسد عمر ودیگر نے وزیراعظم کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی۔کووڈ-19 کے خطرات کے باوجود سخت قواعد کے ساتھ سرمائی اولمپکس کا آغاز ہوا، اس کے علاوہ امریکا سمیت متعدد ممالک نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے ہوئے سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا تھا۔سفارتی بائیکاٹ کرتے ہوئے جن ممالک نے افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے اپنے سرکاری نمائندے نہیں بھیجے، ان میں امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا سرفہرست ہے۔افتتاحی تقریب کا آغاز چین کے صدر شی جن پنگ اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے چیئرمین تھامس بیچ کے برڈز نیسٹ اسٹیڈیم میں داخل ہوتے ہی ہوا جہاں گیمز میں شریک 91 ممالک کے جھنڈے لہرا رہے تھے۔۔افتتاحی تقریب میں 3 ہزار فن کاروں نے سرمائی اولمپکس میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جو بیجنگ اور قریبی صوبے ہیبے کے عام فن کار تھے اور اس کا عنوان اسٹوری آف سنوفلیک تھا۔سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، مختلف ممالک کے ایتھلیٹس مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔ پاکستان کے ایک ایتھلیٹ اور 4 آفیشلز نے سبز ہلالی پرچم لہرایا۔چین پہلی بار ونٹر اولمپکس کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ ونٹر اولمپکس کا 24واں یڈیشن ہے، ونٹر اولمپکس میں 15 کھیلوں میں 109 مقابلے ہوں گے۔ ونٹر اولمپکس کے مقابلے 20 فروری تک جاری رہیں گے۔ بیجنگ کے علاوہ یانگ کنگ اور چونگ لی میں بھی اولمپکس کے مقابلے ہوں گے۔پاکستان کے الپائن اسکیئنگ ایتھلیٹ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے محمد کریم 16 فروری کو ایونٹ میں حصہ لیں گے۔ محمد کریم سرمائی اولمپکس میں تیسری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ پاکستان نے مجموعی طور پر 4 مرتبہ سرمائی اولمپکس میں حصہ لیا۔پاکستان نے پہلی مرتبہ 2010 میں وینکوئیر الپائن اسکی میں حصہ لیا تھا جہاں محمد عباس نے نمائندگی کی تھی، جس کے بعد محمد کریم نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ونٹر اولمپکس میں 91 ممالک کے 2900 ایتھلیٹس شرکت کر رہے ہیں،بیجنگ سرمائی اولمپکس کے ڈائریکٹر ژینگ یمو ہیں جنہوں نے بیجنگ سمر گیمز 2008 کے انتظامات بھی کیے تھے کہا کہ افتتاحی تقریب کورونا کی عالمی وبا سمیت بدلے ہوئے عالمی منظرنامے کو پیش کر رہی ہے اور انہوں نے کہا کہ شرپسند طاقتیں چین کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ پیچیدہ عالمی صورت حال میں سرمائی اولمپکس چین کے عوام کے اعتماد، فخر اور محبت کا عکس ہوگی جو وہ دنیا کے لوگوں کے لیے رکھتے ہیں۔