آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈنے دورہ پاکستان کی منظوری دیدی

آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی

دو ورلڈ کلاس ٹیموں کے درمیان دلچسپ سیریز کے منتظر ہیں،چیف ایگزیکٹیو کرکٹ آسٹریلیا

پاکستان اور آسٹریلین کرکٹ بورڈز کی باہمی مشاورت سے دورے کا نیا شیڈول بھی جاری

سڈنی /لاہور (ویب ڈیسک)

آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈنے اپنی ٹیم کو دورہ پاکستان پر بھیجنے کی منظوری دیدی ہے، آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔پاکستان کے دورے کی منظوری کرکٹ آسٹریلیا کی بورڈ میٹنگ میں دی گئی۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم پاکستان جا رہی ہے۔چیف ایگزیکٹیو کرکٹ آسٹریلیا نک ہاکلے کا کہنا ہے کہ پی سی بی اور دونوں ممالک کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دو ورلڈ کلاس ٹیموں کے درمیان دلچسپ سیریز کے منتظر ہیں۔نک ہاکلے نے کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24سال میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی، دورہ کھیل کی ترقی اور اس کی مضبوطی کے لیے اہم ہے۔چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے کا کہنا ہے کہ ٹورکی منصوبہ بندی کرنے پرکرکٹرز ایسوسی ایشن، کھلاڑیوں، کوچز، سپورٹ اسٹاف اور سکیورٹی ایکسپرٹ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔دوسری جانب پاکستان اور آسٹریلین کرکٹ بورڈز کی باہمی مشاورت سے دورے کا نیا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا نیا شیڈول جاری کردیا۔ لاہور میں ہونے والے ون ڈے اور ٹی 20 میچز راولپنڈی منتقل کردیئے گئے۔آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لئے پی سی بی کی جانب سے ٹوئٹرپر جاری کئے گئے نئے شیڈول کے مطابق 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا۔پہلا ٹیسٹ میچ 4سے 8مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ12سے 16مارچ تک کراچی میں ہوگا جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21سے 25مارچ تک لاہورمیں کھیلا جائے گا۔پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان 3ون ڈے میچز اورایک ٹی 20میچ راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔پہلا ون ڈے 29مارچ ، دوسرا 31 مارچ اورتیسرا 2 اپریل کوکھیلا جائے گا۔مہمان ٹیم5اپریل کوسیریز کا واحد ٹی 20میچ کھیل کروطن واپس روانہ ہوجائے گی۔میچز کے مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک مسائل کے باعث کی گئی۔