سکواڈ میں آشٹن اگر ، اسکاٹ بولینڈ ،ایلیکس کیری ، کیمرون گرین، مارکوس ہیرس ،  ،ٹریوس ہیڈ ، ، عثمان خواجہ ،میچل سٹارک ودیگرشامل

اسلام آباد،سڈنی (ویب ڈیسک)

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے  18 رکنی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا۔آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان میں کرکٹ سیریز کے حوالے سے انتظامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فل اسٹرنتھ ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کیا ہے، کوئی کھلاڑی سیریز سے دستبردار نہیں ہوا وہی کھلاڑی پاکستان آ  ئیں گے  جنہوں نے حال ہی میں ایشیز سیریز میں حصہ لیا ۔ آسٹریلوی ٹیسٹ سکواڈ میں آشٹن اگر ، اسکاٹ بولینڈ ،ایلیکس کیری ، کیمرون گرین، مارکوس ہیرس ، جوش ہیزل ووڈ ،ٹریوس ہیڈ ،جوش انگلس، عثمان خواجہ  شامل ہیں۔دیگر کھلاڑیوں میں مارنوس لابو شین، نیتھن لیوئن ،میچل مارش ، مائیکل نیصر ، میچل اسٹارک ،میچل سویپسن اور ڈیوڈ وارنر شامل ہیں۔ وائٹ بال کرکٹ سیریز میں شامل تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورہ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔گزشتہ دنوں ہی  پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا ، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔ آسٹریلوی ٹیم 4سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائینگے۔دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔