راولپنڈی  (ویب ڈیسک)

سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے شہروں پنجگور اور نوشکی میں کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا ہے ، آپریشنز میں جھڑپ کے دوران 20 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ پاک فوج کے 9 جوان شہید ہوئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پنجگور اور نوشکی میں ہفتہ کو کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا ہے۔ دونوں شہروں میں ہونے والی جھڑپ میں 20 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔دہشت گردوں نے گزشتہ رات گے نوشکی اور پنجگور میں سیکورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ کیا تھا، اہلکاروں نے دونوں حملے ناکام بناتے ہوئے مسلح افراد کی پیش قدمی روک دی تھی۔ نوشکی میں جھڑپوں کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ایک افسر سمیت چار سیکیورٹی اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا، ۔ پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے 4 حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ چار کو گھیرے میں لیا گیا تھا، کلیئرنس آپریشن کے دوران گھیرے میں لیے گئے 4 دہشت گردوں کو بھی ہفتہ کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ پنجگور آپریشن میں 5 جوان شہید ہوئے جبکہ 6 زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 72 گھنٹوں کے دوران ان آپریشنز میں افسر سمیت 9 جوان شہید ہوئے جبکہ چھ زخمی ہوئے، ان حملوں میں ملوث 3 دہشت گرد گذشتہ روز ہلاک کئے گئے جن میں دو ہائی ویلیو ٹارگٹ بھی شامل تھے۔بیان کے مطابق نوشکی، پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ کلیئرنس آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 20 دہشت گرد مارے گئے۔ سکیورٹی فورسز ہر قیمت پر دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں،خیال رہے کہ دہشت گردوں نے 2 فروری کی رات کو ایف سی کے کیمپوں پر حملے کیے، فورسز نے دونوں حملوں کو ناکام بنادیا تھا۔ اس کارروائی کے دوران پاک فوج کے ایک افسر سمیت سات جوان شہید ہوئے تھے۔