فیصل آباد (ویب ڈیسک)

جماعت اسلامی نے متوقع بلدیاتی انتخابات میں بھر پورطریقہ سے حصہ لینے کااعلان کردیاہے۔ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ کاکہناتھاکہ جماعت اسلامی  کے اُمیدوار قوم کی امیدوں پر پورااتریں گے۔عوام نے مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کے بعد پی ٹی آئی کو بھی آزمالیا ہے  اب وہ کسی کے دھوکہ میں نہیں آئیں گے۔ جماعت اسلامی ملک کو مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت کا خاتمہ اور آئی ایم ایف سے نجات دلائے گی۔جماعت اسلامی کی دھرناتحریک کے سلسلہ میں 5مارچ کو فیصل آباد میں ہزاروں مردوخواتین اور بچے حکومت کے خلاف دھرنا دیں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں قیادت کا ایک خلا پیدا ہوچکا ہے جسے صرف جماعت اسلامی پر کرسکتی ہے۔ ملکی مسائل کے حل، ترقی،امن اور خوشحالی کے لئے سیاسی بیداری اور دیانت دار قیادت ضروری ہے۔ جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکن اقتدار کے ایوانوں میں رہے مگر کسی کے دامن پر بددیانتی ،کرپشن اور اقرباء پروری کا کوئی داغ نہیں۔جماعت اسلامی جیسی جمہوری ، اہل اور دیانتدار جماعت ہی دنیا میںملک کا امیج بہتر کر سکتی ہے۔جماعت اسلامی نے اپنے کردار اور عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہی اس ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ تبدیلی کے دعوے داروں نے عوام سے جینے کاحق بھی چھین لیا ہے، مہنگائی اور بے روز گاری نے عوام سے راتوں کی نیند چھین لی ہے، حکومت نے بیڈ گورننس کے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں ،عوام نے پی ٹی آئی سے جو توقعات اور امیدیں وابستہ کی تھیں وہ مایوسی میں بدل گئی ہیں۔ جتنی جلدی موجودہ حکومت ناکام ہوئی ہے ملکی تاریخ میں کوئی دوسری حکومت ناکام نہیں ہوئی ۔