اسلا م آباد (ویب ڈیسک)

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے انتظامی اور جوڈیشل اختیارات سے متعلق کمیٹیوں کی تشکیل نو کر دی۔اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال بلڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ دیگر ارکان میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہیں۔اعلامیے کے مطابق بلڈنگ کمیٹی سپریم کورٹ عمارات، ججز گیسٹ ہاوسز وغیرہ کے معاملات دیکھے گی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی کو سپریم کورٹ ریسرچ سینٹر افیئرز کمیٹی کا انتظامی جج تعینات کیا گیا ہے اور ریسرچ سینٹر افیئرز کمیٹی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس منصور علی شاہ شامل ہیں۔اعلامیے کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی لا کلرک پروگرام کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، لا کلرک پروگرام کمیٹی میں جسٹس مظہر عالم میاں خیل بھی شامل ہوں گے اور یہ 2 رکنی کمیٹی لا کلرکوں کی تقرریوں کی سفارشات کرے گی۔ترجمان سپریم کورٹ نے بتایا کہ جسٹس قاضی فائز عیسی آن ریکارڈ انرولمنٹ کمیٹی کے چیئرمین بھی ہوں گے، اس کمیٹی میں جسٹس مقبول باقر، جسٹس یحیی آفریدی اور جسٹس قاضی امین شامل ہیں۔اعلامیے کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی بلوچستان کی انسداد دہشت گردی عدالتوں، جسٹس طارق مسعود اسلام آباد، جسٹس اعجازالاحسن پنجاب، جسٹس مظہرعالم خیبر پختونخوا اور جسٹس سجاد علی شاہ اے ٹی سیز سندھ کے مانیٹرنگ جج ہوں گے۔