قومی اسمبلی کی قائمہ و پارلیمانی کمیٹیوں کی تشکیل کا کام شروع کر دیا گیا ،

تمام  ارکان اسمبلی  سے کمیٹیوں کے بارے میں ترجیحات  سے آگاہی کے لئے رابطہ

ایوان میں  کمیٹیوں  میں نامزدگیوں کی باضابطہ منظوری لی جائے گی

قومی سلامتی ،سی پیک پارلیمانی کمیٹیوں کے قیام کا بھی امکان

اسلام آباد (ویب  نیوز)

قومی اسمبلی کی قائمہ و پارلیمانی کمیٹیوں کی تشکیل کے لیے کام شروع کر دیا گیا ، پہلے مرحلے میں کمیٹیوں میں ارکان کی نامزدگیاں کی جائیں گی اور ایوان میں ان کی باضابطہ منظوری لی جائے گی ۔ ارکان اسمبلی سے کمیٹیوں کے بارے میں ان کی ترجیحات کے بارے میں پوچھ لیا گیا  ارکان کے تناسب سے پارلیمانی جماعتوں کو کمیٹیوں کی چیئرمین شپ ملے گی  عدم اتفاق پر پارلیمانی جماعتوں میں کمیٹی کے سربراہوں کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہو گی ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے یکم اپریل سے قبل قائمہ و پارلیمانی کمیٹیوں کی تشکیل کے بارے میں کام شروع کر دیا ہے ۔ پارلیمانی کشمیر کمیٹی ، پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھی قائم ہوں گی اسی طرح ہاؤس کی اپنی بزنس ایڈوائزری و فناس کمیٹیاں بھی قائم ہونگی۔ قومی سلامتی ، پاک چین اقتصادی راہداری ، اقتصادی ترقی کے عالمی اہداف سے متعلق پارلیمانی کمیٹیوں کے قیام کا بھی امکان ہے سابقہ اسمبلی میں یہ کمیٹیاں قائم کی گئی تھیں ذرائع کے مطابق ارکان سے کمیٹیوں کے بارے میں ان کی ترجیحات کے حوالے سے باضابطہ معلوم کیا گیا  ہے ارکان کمیٹیوں کے حوالے سے اپنی ترجیحات سے آگاہ کریں گے ۔ قومی اسمبلی میں کمیٹیوں میں ارکان کی نامزدگیوں کی باضابطہ منظوری لی جائیگی اسپیکر کو کمیٹیوں میں ردوبدل کا اختیار ہو گا اگلے مرحلے میں کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا انتخاب ہو گا ۔ کمیٹیوں کی سربراہی ایوان میں پارلیمانی جماعتوں کے ارکان کے تناسب کے مطابق تقسیم کی جاتی ہیں عدم اتفاق رائے پر کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا ووٹنگ کے ذریعے انتخاب ہو گا ۔ اتفاق رائے کے باوجود بھی انتخاب کی رسمی کارروائی نمٹائی جائیگی ۔ عدم اتفاق پر پارلیمانی جماعتوں میں کمیٹی کے سربراہوں کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہو گی ۔