Prime Minister Imran Khan addressing the launching ceremony of National E-Tijarat Portal in Islamabad on 21 February 2022

اپوزیشن کو کہتا ہوں کہ گھبرانا نہیں ہے،عمران خان

وزیراعظم کا آئی ٹی کے رجسٹرڈ فری لانسرز کیلئے ٹیکس صفر کرنے کا اعلان

اسلا م آباد( ویب  نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے رجسٹرڈ فری لانسرز کے لیے ٹیکس صفر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس شعبے کو مراعات دے رہے ہیں اور اگلے چند سالوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی 50ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کر سکتے ہیں۔اسلام آباد میں قومی ای تجارت پورٹل کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے حکومت میں آنے کے بعد جو جملہ سب سے زیادہ استعمال کیا وہ تھا ‘گھبرانا نہیں ہے’۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم حکومت میں آئے تو حالات بہت برے اور ملک دیوالیہ ہو چکا تھا لہذا مجھے اپنی کابینہ کو کہنا پڑتا تھا کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے اور آج میں اپوزیشن کو کہتا ہوں کہ گھبرانا نہیں ہے، اور جب دورہ ویسٹ انڈیز پر جاتے تھے تو ٹیم کو کہتا تھا کہ گھبرانا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ جو جملہ استعمال کیا وہ یہی ہے کہ گھبرانا نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کا مستقبل بہت تیزی سے ڈیجیٹیلائزیشن کی طرف جا رہا ہے اور ٹیکنالوجی کا انقلاب ہمارے ملک اور نوجوانوں کو ہرگز نہیں مس کرنی چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم اگلے چند سالوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی 50ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کر سکتے ہیں بلکہ ایک سے دو سالوں میں تھوڑے سے کام کی بدولت یہ ایکسپورٹ دو ارب سے پونے چار ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو مراعات دے رہے ہیں اور آپ کے سامنے جتنی بھی رکاوٹیں ہیں ان کو ہٹاتے جائیں گے تاکہ ہم اپنے نوجوانوں کو سہولیات فراہم کر سکیں اور وہ ٹیکنالوجی کے انقلاب کا پورا فائدہ اٹھائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے رجسٹرڈ فی لانسرز کے لیے ہم نے ٹیکس صفر کردیا ہے، بیرون ملک سرمایہ کاری کے بھی ثمرات سامنے آ رہے ہیں اور آئی ٹی ایکسپورٹس بڑھ رہی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ بل گیٹس نے میری دعوت پر پاکستان آئے تھے، انہوں نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی مہم پر بے تحاشا پیسہ خرچ کیا اور گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں پولیو میں کا ایک کیس بھی رپورٹ نہیں ہوا تو میں نے انہیں پھر دورہ پاکستان دعوت دی۔ان کا کہنا تھا کہ میری دلچسپی یہ تھی کہ ہم اس کو پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا حصہ بن جائے، میں ابھی تو اعلان نہیں کروں گا لیکن آنے والے دنوں میں اس حوالے سے خوشخبری سناوں گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری قوم کو جب بھی موقع ملا ہے تو انہوں نے ترقی کی ہے لیکن آزادی کے بعد ہمارا جو نظام بنا وہ ہماری اکثریت کو اوپر آنے کا موقع ہی نہیں دیتا۔وزیراعظم نے اپنے کرکٹ کے دور کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب میں پانچ سال انگلینڈ میں کرکٹ سیکھ کر وطن واپس آیا تو مجھے اندازہ ہوا کہ پاکسان میں جتنا ٹیلنٹ ہے اتنا پوری دنیا میں نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے برعکس پاکستان میں باقاعدہ نظام نہ ہونے کے باوجود بے انتہا ٹیلنٹ ہے، وسیم اکرم نے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلے بغیر ٹیسٹ کرکٹ کھیلی، وقار یونس کو میں نے ٹی وی پر دیکھا اور نیٹ میں بلا کر ٹیسٹ میچ کھلا دیا، دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا سوائے اس کے جس ملک کو اللہ نے ٹیلنٹ کی دولت بخشی ہو۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اس ملک میں کرکٹ کا ڈھانچہ تبدیل کر رہے ہیں اور آئندہ آنے والے دنوں میں پاکستان ٹیم اتنی بڑی بن جائے گی کہ انہیں ہرانا مشکل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا نظام ایک نوجوان کے آگے آنے میں رکاوٹ ہے، ہم اس کے لیے تبدیلیاں کررہے ہیں، پانویں جماعت تک ایک نصاب لے کر آئے ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی مستقبل ہے اور ہم تعلیم کے نظام میں بھی اسی کے لیے ہم ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے ہیں، ہم کریش کورسز اور بوٹ کیمپس کرا رہے ہیں، جیسے جیسے پیسہ آئے گا ہم ان کی ٹریننگ کرائیں گے۔عمران خان نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں خواتین کو چاہے کوئی ہی ماحول کیوں نہ ہو، آگے آنے کا موقع ملتا ہے، وہ اپنے خاندان کی مدد کر سکتی ہیں اور اس کی بدولت کسی پابندی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔انہوں نے کہا کہ ہم پیچھے رہ گئے لیکن ہندوستان آگے نکل گیا، سن 2000 میں بھارت کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ایکسپورٹ ایک ارب ڈالر تھیں اور دس سال میں وہ 100ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں، اگر وہ ترقی کر سکتے ہیں تو ہم بھی کر سکتے ہیں،وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آنے والے دنوں میں خوشخبری دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو جب موقع ملتا ہے یہ آگے بڑھتے ہیں۔ آئی ٹی ملک کا مستقبل ہے، اس کے لیے ہم ایمرجنسی کورسز کروا رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا اوورسیز پاکستانیوں سے بہت پرانا تعلق ہے۔