کراچی(صباح نیوز)

ایف بی آر نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے بینک اکاونٹس منجمد کر دیے۔تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 23 ارب کے سیلز ٹیکس واجبات ادا نہ کرنے پر ایس ایس جی سی کے بینک اکاونٹس منجمد کر دیے۔ایس ایس جی سی سے سیلز ٹیکس کی مد میں 312 ملین وصول کیے جا چکے ہیں، جب کہ 23 ارب روپے واجب الادا ہیں، اس رقم کی تصدیق اپیلیٹ کمشنر بھی کر چکے ہیں۔ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ایس ایس جی سی کے منجمد اکاونٹس سے واجب الادا رقم ریکور کی جائے گی، لارج ٹیکس پیئر آفس کو سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی سیکشن 48 کے تحت یہ اختیار حاصل ہے۔یاد رہے کہ 25 جنوری کو ایف بی آر نے ٹیکس پر فیڈریل ایکسائز ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر قومی ایئرلائن پی آئی اے کے بینک اکاونٹس بھی منجمد کر دیے تھے، اور کہا تھا کہ اکاونٹس 4 ارب روپے ٹیکس ریکوری تک منجمد رہیں گے۔بتایا گیا تھا کہ پی آئی اے نے 2 سال سے ٹکٹ پر وصولی پر ایف ای ڈی جمع نہیں کرایا، پی آئی اے نے 2 سال سے جمع فیڈریل ایکسائز کے 4.50 ارب روپیادا کرنے ہیں۔