بجلی کی قیمتوں میں 5روپے کمی کے ساتھ ہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں5.94روپے مہنگی کرنا تشویشناک ہے

بجلی،پٹرول،ڈیزل کی قیمتیں منجمداور فیول ایڈجسٹمنٹ فارمولہ ختم کیا جائے، چیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

لاہور  (ویب ڈیسک)

  صنعتکار رہنما چیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہور چوہدری محمد عدیل بھٹہ نے  وزیراعظم کی طرف سے ملک میں بجٹ تک پٹرول،ڈیزل کی قیمتوں میں10اور بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں5روپے کمی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صنعتی شعبہ کو ریلیف ملے گا انہوںنے کہا کہ وزیراعظم اپنے ماتحت نیپرا کی طرف سے وزیراعظم کے اعلان سے قبل ہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں5.94روپے فی یونٹ اضافہ کا نوٹس لیں کیونکہ ان اقدامات سے عملی طور پر یہ تاثر ابھرتا ہے کہ وزیراعظم کا اپنے ماتحت اداروں پر کنٹرول نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ ہر ماہ بجلی کے بلوں کے وصولی کے بعد اگلے ماہ ہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے بلوں میں بھاری بھرکم اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث صنعتی شعبہ کیلئے بجلی کے بلوں کی ادائیگی مشکل ہوچکی ہے او ر صنعتی اداروں کے بجلی کے بل بروقت ادا نہ ہونے سے ان کے بجلی کنکشن کاٹے جارہے ہیں۔جس سے صنعتی شعبہ بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ  انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین  میاں شہریار علی،سید عباس احسن وائس چیئرمین کے ہمراہ  صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری عدیل بھٹہ نے کہا  کہ بجلی بلوں میںفیول ایڈجسٹمنٹ فارمولہ ظالمانہ فارمولہ ہے جب بجلی بلوں میں بجلی کی قیمت سمیت تمام ٹیکسوں کی ادائیگی ہرماہ باقاعدگی سے وصول کی جارہی ہے تو فیول ایڈجسٹمنٹ فارمولہ کی ضرورت ہی باقی نہیں رہتی۔سستی بجلی کے حصول کیلئے متبادل ذرائع استعمال کیے جائیں نیز بجلی،پٹرول،ڈیزل کی قیمتیں منجمدکی جائیں فیول ایڈجسٹمنٹ فارمولہ یکسر ختم کیا جائے۔تاکہ صنعتی شعبہ کو ریلیف مل سکے۔