کوئٹہ: فاطمہ جناح روڈ پر دھماکا،  ڈی ایس پی سمیت 3 پولیس اہلکار شہید، 25 زخمی

وزیراعلی بلوچستان کی واقعے کی شدید مذمت…آئی جی پولیس کو واقعہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

کوئٹہ ( ویب  نیوز)

کوئٹہ کے علاقے فاطمہ جناح روڈ پر پولیس وین کے قریب دھماکے سے ڈی ایس پی سمیت 3 پولیس اہلکار شہید اور 25 افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے فاطمہ جناح روڈ پر دھماکے میں کرائم برانچ کے ڈی ایس پی اجمل سمیت 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 25 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں پانچ افراد شدید زخمی ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ کر معلومات اکھٹی کر رہے ہیں اور فی الحال دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔پولیس کے مطابق فاطمہ جناح روڈ اور اطراف کے راستوں کو آمد و رفت کیلئے بند کردیا گیا ہے۔سکیورٹی اہلکاروں نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے،سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید اور 20 افراد زخمی ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس نے فاطمہ جناح روڈ اور اطراف کو گھیرے میں لے کر ٹریفک اور شہریوں کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا۔زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے۔وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بیان میں واقعے کی شدید مذمت کی۔انہوں نے ہسپتالوں میں فوری ہنگامی صورت حال نافذ کرنے، تمام ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ہسپتال میں موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کوئٹہ شہر اور صوبے کے امن کو خراب کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سرپرستوں کو بیرونی حمایت حاصل ہے۔وزیراعلی بلوچستان نے آئی جی پولیس کو واقعہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہر میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید مثر بنایا جائے، نگرانی اور مانیٹرنگ کا میکینزم قائم کیا جائے۔وزیراعلی نے کہا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور سیکریٹری صحت کو زخمیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے عمل کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت، ہمدردی اور یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔