زرداری ہاوس اسلام آباد میں اپوزیشن کی بڑی بیٹھک: تحریک عدم اعتماد کیلئے آئینی و قانونی مشاورت

اسلام آباد(ویب  نیوز) اپوزیشن رہنماوں کی جانب سے تجویز پیش کی گئی ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جلد بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کرائی جائے۔ اس ضمن میں ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تجویز اپوزیشن کے بعض رہنماوں کی جانب سے زرداری ہاوس اسلام آباد میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں دی گئی ہے۔اجلاس میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے حوالے سے مختلف آئینی و قانونی آپشنز پر غورو خوص کیا گیا۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق زرداری ہاوس اسلام آباد میں منعقدہ اپوزیشن کی بڑی بیٹھک میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اپوزیشن رہنماوں نے شرکت کی۔منعقدہ اجلاس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، سردار ایاز صادق، سید خورشید شاہ، خواجہ سعد رفیق، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، اور مریم اورنگزیب نے بھی شرکت کی۔ منعقدہ اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قانونی ماہرین نے بطور خاص شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن قائدین کو ن لیگ کی جانب سے اشتر اوصاف اور زاہد حامد جب کہ پیپلزپاٹی کی طرف سے فاروق ایچ نائیک اوربیرسٹر مرتضی وہاب نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بریفنگ دی۔منعقدہ اجلاس میں جے یو آئی (ف) کی جانب سے کامران مرتضی نے بھی قانونی و آئینی مشاورت فراہم کی۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے بڑوں کی بیٹھک میں حکومت کے اتحادیوں اور پاکستان تحریک انصاف کے ناراض اراکین سے ہونے والے رابطوں کی تفصیلات پر مبنی بریفنگ بھی دی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس موقع پر اپوزیشن کے بعض رہنماوں کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جلد بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کرائی جائے ۔