کور کمانڈر کانفرنس؛ پاکستانی حدود میں بھارتی میزائل گرنے پر اظہار تشویش،دنیا سے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ

راولپنڈی (ویب ڈیسک)

کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران عسکری قیادت نے دنیا سے خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں بھارتی میزائل فائر کرنے کے واقعہ پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں248 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران اہم عالمی، علاقائی پیشرفت، ملک میں داخلی سلامتی کی صورتحال، مغربی سرحدوں پر پیش رفت کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے بھارت کی طرف سے خانیوال کے تحصیل میاں چنوں میں گرنے والے میزائل کے حالیہ واقعہ کو حادثاتی قرار دینے پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کا تفصیلی جائزہ لیا۔شرکا کے مطابق بھارتی میزائل سے بڑی تباہی ہو سکتی تھی۔ غلطی کے بھارتی اعتراف کے باوجود متعلقہ بین الاقوامی فورمز کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ خانیوال میں میزائل گرنے کا واقعہ بھارتی سٹریٹجک اثاثوں کی حفاظت اور حفاظتی پروٹوکول کی نا اہلی کو واضح کرتا ہے۔ اس طرح کے واقعات کسی بھی حادثے کا باعث بن سکتے ہیں، علاقائی امن اور سٹریٹجک استحکام کو شدید خطر لاحق ہو سکتا ہے۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز کو سراہا۔کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی کہ او آئی سی کونسل آف وزرائے خارجہ کے اجلاس، یوم پاکستان پریڈ کے پر امن انعقاد کے لیے جامع حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ آرمی چیف نے فارمیشنوں کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور مشن پر مبنی تربیت پر زور دیا۔