ڈالر کاروباری ہفتے کے اختتام پر 180 روپے کی سطح عبور کرگیا

کراچی(ویب  نیوز)

ڈالر نے ملک میں نئی تاریخ رقم کردی۔ کاروباری ہفتے کے اختتام پر ڈالر 50 پیسے اضافے سے 180روپے کی سطح عبور کرگیا۔انٹربینک میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 180 روپے 57 پیسے کی سطح پر آگیا۔ 1 مارچ سے اب تک ڈالر 3 روپے 16 پیسے مہنگا ہوا جس کی وجہ سے جہاں ملک پر عائد واجب الادا قرضوں کہ شرح ساڑھے 3 سو ارب تک بڑھ گئی، وہیں درآمدی اشیا کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔انٹربینک کے ساتھ ساتھ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر روپے کو آنکھیں دکھانے لگا۔ 19 روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے 65 پیسے اضافے سے 181 روپے 70 پیسے کی بلند ترین سطح پر آگیا۔ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل اور اجناس کی قیمت بڑھنے سے امپورٹ بل بڑھ گیا جبکہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے سے روپے پر دباو بڑھتا جارہا جس کی روک تھام کے حکومت کو اقدامات کرنے کی ضرورت ہے بصورت دیگر ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہوجائے گا