میرا پاکستان میرا گھر اسکیم کا مقصد سستی رہائش مہیا کرنا ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

فیصل آباد(ویب  نیوز)

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ میرا پاکستان میرا گھر اسکیم کا مقصد لوگوں کو سستی رہائش مہیا کرنا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان  نے حکومت پاکستان کی طرف سے مشترکہ طور پر متعارف کرائی گئی سستی ہاوسنگ فنانسنگ اسکیم کے بارے میں آگہی بڑھانے کے لیے فیصل آباد میں بینکوں کے ساتھ دو روزہ تقریب کا انعقاد کیا۔گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے تقریب کا آغاز کرنے کے لیے ربن کاٹنے کی رسم انجام دی جس میں  سرکاری اور نجی شعبے کے معززین شریک ہوئے۔19 تا 20 مارچ کو ہونے والی  اس دور روزہ تقریب کا اہتمام نیفڈا، بینکوں اور ان سے منسلکہ بلڈرز اور ڈویلپرز کی شراکت سے کیا گیاہے۔افتتاحی تقریر میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اس تقریب سے ایک ہی چھت کے نیچے حل مہیا کرنے کے لیے تمام اہم متعلقہ فریقوں کو ایک منفرد موقع فراہم ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا پاکستان میرا گھر اسکیم کا مقصد ملک میں کم اور متوسط آمدنی والے طبقات کو سستی رہائش مہیا کرنا ہے۔گورنر اسٹیٹ بینک نے میرا پاکستان میرا گھرکو کامیاب بنانے میں بینکوں کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اب تک بینک میرا پاکستان میرا گھر کے تحت 157 ارب روپے کی منظوری دی چکے ہیں اور 56 ارب روپے تقسیم کرچکے ہیں۔رضا باقر نے مزید کہا کہ ماضی میں کسی نہ کسی وجہ کی بنا پر مارگیج فنانسنگ کو بینکوں نے نظر انداز کیا۔میرا پاکستان میرا گھر کے تحت فنانسنگ میں تیزی پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک ہونے والی پیش رفت قابل تعریف ہے اور ہر پاکستانی کو اپنے مکان کا مالک ہونے کا موقع دینے کا ہدف حاصل ہونا چاہیے۔انہوں نے اس بات پر اعتماد ظاہر کیا کہ اگر بینک اسی جوش و خروش سے شامل رہے تو یہ بے حد مشکل ہدف حاصل ہوسکے گا۔ایم پی ایم جی کو فروغ دینے کے لیے بینکوں اور اسٹیٹ بینک کے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے ڈاکٹر باقر نے فیصل آباد کی تاجر برادری بشمول چیمبر آف کامرس اور کاروباری گروپوں کے اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنے ملازمین، جن کے پاس مکان نہیں ہے، کو اس اسکیم کے تحت فنانسنگ حاصل کرنے کی ترغیب دیں۔تقریب کے انعقاد کے کامیاب تجربے پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر باقر نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ فیصل آباد اور دیگر شہروں کی بڑی فرموں کے دفاتر میں ملازمین کو ایم پی ایم جی فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے آگاہی پروگرام ترتیب دیں۔انہوں نے بینکوں سے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے پروسیسنگ کے وقت کو مزید تیز کریں اور خاص طور پر کم اجرت والے عملے کی خاطر ہاسنگ سلوشنز کے فروغ کے لیے مزید وسائل کو متحرک کریں۔واضح رہے کہ  2020 میں اسٹیٹ بینک نے ہاوسنگ اور تعمیرات کے شعبے کو فنانسنگ کی فراہمی میں اعانت کے لیے کئی اقدامات کیے تھے۔حکومت پاکستان نے گورنمنٹ مارک اپ سبسڈی اسکیم، جسے اب میرا پاکستان میرا گھر (ایم پی ایم جی) مارک اپ سبسڈی اسکیم کہا جاتا ہے، متعارف کرا کے ان کوششوں کو تقویت دی۔