وزیراعظم کی امریکا کی غلامی نہ کرنے کے سوال پر وائٹ ہائوس کا تبصرے سے گریز

 پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں،سفارتی ذرائع سے جاری رکھیں گے، ترجمان وائٹ ہائوس

واشنگٹن( ویب  نیوز)

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے غلامی نہ کرنے کے بیان پر ترجمان وائٹ ہائوس نے تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔پریس بریفنگ کے دوران صحافی کے سوال پرجین ساکی نے جواب دیتے ہوئے کہا سفارتی ذرائع سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو جاری رکھیں گے۔امریکی صدر، وزیراعظم عمران خان کی ٹیلی فون کال کی درخواست کیوں نہیں لے رہے کے سوال پر ترجمان وائٹ ہائوس نے کہاکہ ان کے پاس فون کال کی درخواست کے حوالے سے تفصیلات نہیں ہیں۔یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کے حوالے سے ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں معید یوسف کی جانب سے شکایت کی گئی تھی کہ امریکی صدر نے افغانستان کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کو فون تک نہیں کیا تاہم بعد ازاں معید یوسف نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اس قسم کی کوئی شکایت نہیں کی۔