کینیڈ ا میں مسجد میں فجر کے وقت ایک شخص کاکلہاڑی سے حملہ، متعدد نمازی زخمی

مسجد دارالتوحید اسلامک سینٹر میں نمازیوں نے 24 سالہ حملہ آور کو قابو میں کر کے پولیس کے حوالے کر دیا

کینیڈا کے وزیرِ اعظم کی مسجد پر کلہاڑی سے حملے کی شدید مذمت ،ایسے پرتشدد واقعات کی کینیڈا میں کوئی گنجائش نہیں، جسٹن ٹروڈو

اوٹاوا(ویب  نیوز)

کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں واقع مسجد میں ایک شخص نے کلہاڑی کے ذریعے حملے کر کے متعدد نمازیوں کو زخمی کر دیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فجر کی نماز کے وقت مذکورہ ملزم کلہاڑی سے حملہ آور ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔متاثرہ مسجد دارالتوحید اسلامک سینٹر کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق نمازیوں نے 24 سالہ حملہ آور کو قابو میں کر کے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔دوسری جانب کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے مسجد پر کلہاڑی سے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ ایسے پرتشدد واقعات کی کینیڈا میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ میں ان لوگوں کے حوصلے پر بھی داد دینا چاہتا ہوں جو آج صبح وہاں موجود تھے۔