آرمی چیف کی کیپٹن سعد اور لانس ئانیک عرفان شہید کی نمازجنازہ میں شرکت

پشاور / راولپنڈی (ویب ڈیسک)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے، پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کورہیڈکوارٹرز پشاور کے دورے پر پہنچے تو کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل فیض حمید نے استقبال کیا۔آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال اور ضم اضلاع میں ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے کیپٹن سعد اور لانس ئانیک عرفان شہید کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ گورنر کے پی اور صوبائی وزرا بھی نمازجنازہ میں شریک تھے۔ دونوں اہلکار جنوبی وزیرستان میں لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔

سپہ سالار نے نئے انضمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی تعریف کی اور کہا کہ منصوبے علاقے کے پائیدار استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے ضروری ہیں۔جنرل باجوہ نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سازگار ماحول کی فراہمی پر اظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع میں دیرپاترقی اوراستحکام اتنہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے، شہدا کی فروغ امن کیلئے قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا۔