فرح خان کے گائوں کیلئے پنجاب میں غیرمعمولی فنڈز دیئے جانے کا انکشاف

ایوان وزیر اعلی پنجاب کی سفارشات پر فرح خان کے گائوں کو 11کروڑ 90لاکھ روپے کے فنڈز دیئے گئے،دستاویزات

 شیخوپورہ کو 3 سال میں 45 ارب روپے مالیت کے منصوبے دینے میں بھی فرح خان کی سفارشات شامل تھیں،ذرائع

اسلام آباد(ویب  نیوز)

خاتون اول بشری بی بی کی دوست فرح خان کے گائوں کیلئے پنجاب میں غیرمعمولی فنڈز دیئے جانے کا انکشاف سامنے آگیا۔دستاویزات کے مطابق ایوان وزیر اعلی پنجاب کی سفارشات پر فرح خان کے گائوں کو 11کروڑ 90لاکھ روپے کے فنڈز دیئے گئے۔فرح خان کے گاوں گھنگ میں 11کروڑ روپے کا ترقیاتی کام ہوا۔ فرح خان کے گائوں میں سیوریج،سڑکیں، ٹف ٹائیلز، فیملی پارک اور اسٹیڈیم کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق شیخوپورہ کو 3 سال میں 45 ارب روپے مالیت کے منصوبے دینے میں بھی فرح خان کی سفارشات شامل تھیں۔تاہم اس معاملے پر ایوان وزیراعلی کی جانب سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ فرح خان اور ان کے شوہر پر اپوزیشن کی جانب سے کرپشن کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے منحرف رکن علیم خان نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ فرح خان اور ان کے شوہر پنجاب میں تعیناتیوں اور تبادلوں کے لیے رشوت لیتے رہے ہیں۔