قومی اسمبلی اجلاس آج  صبح ساڑھے 10 بجے طلب، تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ایجنڈے میں شامل

اسلام آباد( ویب  نیوز)

قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے  آج ہفتہ کی صبح ساڑھے 10 بجے اجلاس طلب کر لیا گیا۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 9 اپریل 2022 بروز ہفتہ صبح ساڑھے 10 بجے طلب کیا گیا ہے۔چھ نکاتی ایجنڈے کے مطابق اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوگا، پھر حدیث و نعت خوانی کے بعد قومی ترانہ بجایا جائے گا۔اس کے بعد الگ سے سوالات شامل کیے جائیں گے جس کے بعد فہیم خان توجہ دلا ونوٹس پر کنٹونمنٹ بورڈ میں کونسلرز کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ اٹھائیں گے۔ایجنڈے میں چوتھا آئٹم تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے 28 مارچ 2022 کو قرارداد پیش کر کے ووٹنگ کی درخواست کی تھی، اس قرارداد کے مطابق، آئین کے آرٹیکل 95 کی شق (1) کے تحت اسلامی جمہوریہ پاکستان کا یہ ایوان قرار دیتا ہے کہ اسے وزیر اعظم عمران خان پر عدم اعتماد ہے اور اس کے نتیجے میں وہ شق (4) کے تحت عہدہ چھوڑ دیں۔اس کے علاوہ پوئنٹ آف آرڈر کے علاوہ رول 18 کے تحت معاملات اٹھائے جائیں گے جبکہ دوسرے توجہ دلا نوٹس میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر بات کی جائے گی۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن نے 8 مارچ کو تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی جس پر تاخیر کے بعد 3 اپریل کو ووٹنگ متوقع تھی۔تاہم ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی سربراہی میں ہونے والے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہیں وقفہ سوالات میں بات کرتے ہوئے وزیر قانون فواد چوہدری کی جانب سے قرارداد پر سنگین اعتراضات اٹھائے گئے۔فواد چوہدری نے اپوزیشن کی پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کو بیرونِ ملک سے پاکستان میں حکومت تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیا تھا۔جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے عدم اعتماد کی تحریک کو آئین و قانون کے منافی قراد دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا اور اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا تھا،جمعرات کو سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے متفقہ طور پر ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ اور صدر مملکت کے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دے دیا تھا۔