بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے،شاہد خاقان

کسی پر الزام لگائیں گے اور نہ ہی جیلوں میں ڈالیں گے،ملک لوٹنے والوں کو حساب دینا پڑے گا

نیب ختم کریں، اپوزیشن کے کیسز ختم نہ کریں، نیب ختم ہونے سے سب سے زیادہ فائدہ عمران خان کو ہوگا

ہم سب نے آج فیصلہ کرنا ہے نیب چلائیں یا حکومت، حکومتی افسران نے کہاکہ نیب کی موجودگی میں کام نہیں کرسکتے

عارف علوی عمران خان کے نہیں پاکستان کے صدر ہیں، وہ آئین پڑھ لیں، آئین کے مطابق فیصلے کریں

رات کے اندھیرے میں گورنرکو بدلنے والے صدر 5 دن سے غائب ہیں،کراچی میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو

کراچی( ویب  نیوز)

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان قیمت خرید سے کم قیمت پر پیٹرول بیچ رہا ہے لہذا بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق فیصلے مشکل ہیں لیکن کرنے پڑیں گے۔کراچی میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے نیب کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عدالتوں میں کیمرے لگا کر دکھائیں نیب کرکیا رہاہے، ہم سب نے آج فیصلہ کرنا ہے کہ یا نیب چلائیں یا حکومت، حکومتی افسران نے کہاکہ نیب کی موجودگی میں کام نہیں کرسکتے، حل یہی ہے کہ نیب ختم کریں، اپوزیشن کے کیسز ختم نہ کریں، نیب ختم ہونے سے سب سے زیادہ فائدہ عمران خان کو ہوگا، اگر یہ ادارہ رہے گا تو یہ ملک نہیں چل سکتا، امید ہے کہ کابینہ اس حوالے سے بہتر فیصلہ کرے گی۔ انہوں  نے کہا کہ ہم کسی پر الزام نہیں لگائیں گے اور جیلوں میں نہیں ڈالیں گے، جنہوں نے ملک کو لوٹا اور کرپشن کی انہیں جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان قیمت خرید سے کم قیمت پر پیٹرول بیچ رہا ہے، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق فیصلے مشکل ہیں لیکن کرنے پڑیں گے، معیشت سنبھالنے کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے، تکلیف دہ فیصلوں سے ہی ملک کے حالات بدلیں گے۔لیگی رہنما نے مزید کہا کہ صدر صرف وفاقی حکومت کی ایڈوائس پر حکم جاری کرتا ہے، عارف علوی عمران خان کے نہیں پاکستان کے صدر ہیں، وہ آئین پڑھ لیں، آئین کے مطابق فیصلے کریں، رات کے اندھیرے میں گورنرکو بدلنے والے صدر 5 دن سے غائب ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان نے کہا کہ  اسحاق ڈار کی وطن واپسی ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔