لاہور (ویب نیوز)

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس فاروق حیدر نے مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کی عمرے پر جانے کیلئے پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر  سماعت سے پھرمعذرت کر لی،جس کے باعث ڈویژن بینچ ٹوٹ گیا،عدالت نے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی کو بھجوا دی کہ کسی دوسرے بینچ کو درخواست سماعت کے لیے مقرر کریں۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے مریم نواز کی عمرے پر جانے کیلئے پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب پراسکیوٹر فیصل بخاری نے مریم نواز کے پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کیخلاف سپریم کورٹ میں کیس اور نیب حملہ کیس بھی زیر التوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقدمات میں ملوث مریم نواز کے علاوہ تمام ملزمان بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں، مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر ہے، لہذا ان کی درخواست مسترد کی جائے۔ جسٹس فاروق حیدر نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی جس پر عدالت نے کیس کی فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔ عدالت کی جانب سے نوٹ لکھا گیا ہے کہ چیف جسٹس کسی دوسرے بینچ کو درخواست سماعت کے لیے مقرر کریں۔